ڈوڈہ//معروف صحافی اور کشمیر ٹائمز گروپ آف پبلی کیشنز کے سابق چیئرمین آنجہانی وید بھسین کی یاد میںڈاک بنگلہ ڈوڈہ اور ڈاک بنگلہ بھدرواہ میں ڈائریکٹر روزنامہ کشمیر ٹائمز سنجیو کیرنی کی صدارت میں دو الگ الگ تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آنجہانی کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ڈوڈہ میں منعقدہ تقریب میں کلچرل آفیسر ڈوڈہ صلاح الدین طاہر ؔجب کہ بھدرواہ میں اے ایس پی بھدرواہ شہزاد سلاریہ بطورِ مہمانانِ خصوصی موجود تھے جب کہ دونوں مواقع پر مقامی معززین اور صحافت پیشہ افراد کی اچھی خاصی تعداد بھی موجود تھی۔آنجہانی کو خراجِ عقیدت و تحسین پیش کرتے ہوئے مختلف مقررین نے کہا کہ وید بھسین ایک انتہائی اعلیٰ پایہ کے دانشور تھے جنہوں نے ہمیشہ سچائی کا ساتھ دیا اورحقیقت پسندی سے کام لیا۔اُنہوں نے آخری دم تک سچائی کا ساتھ دیا اورکشمیر ٹائمز کے ذریعہ اُنہوں نے حکومت ،عوام اور عالمِ انسانیت کو جو پیغام دیا وہ تاریخ کا ایک حصہ بن گیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ آنجہانی ایک مشعل بردار کی حیثیت رکھتے تھے اور اُنہوں نے صحافت کا انتہائی اونچا معیار قائم رکھا۔مقررین نے کہا کہ وید بھسین صرف ایک صحافی ہی نہیں بلکہ ایک ایسے سماجی لیڈر بھی تھے جو جمہوریت،سیکولرازم اور انسانیت پر یقین رکھتے تھے۔وہ اصولوں کی سختی سے پابندی کرنے والے تھے اور اُنہوں نے اپنی پوری زندگی انصاف کی راہ کے لئے وقف کی تھی۔ اس موقع پر آنجہانی کے حالاتِ زندگی پر مشتمل ایک کتاب بھی تقسیم کی گئی نیز آنجہانی کی روح کی تسکین کے لئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔مقررین میں صلاح الدین طاہر ،شہزاد سلاریہ اور سنجیو کرنی کے علاوہ تنویر دیو،منصور قادر،شبیر احمد خان،شبیر چوہدری،تسلیم عارف اور عارف نجار شامل تھے۔