پلوامہ//پلوامہ کے رتنی پورہ گاوں میں آج ایک طالبہ کے ساتھ ایک مقامی بنک ملازم نے بنک میںمبینہ طور دست درازی کی جس کے بعد طالبہ کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی۔ واقعہ سے گاوں میں حالات بے حد کشیدہ ہوئے اور پولیس کو آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔ تفصیلات کے مطابق رتنی پورہ پلوامہ میںبعد دوپہر ایک مقامی طالبہ جموں کشمیر بنک کی مقامی شاخ پر کسی کام سے چلی گئی۔ اس دوران یہاں ایک ملازم اعجاز احمد ڈار ولد عبدالغنی ڈار نے اس کے ساتھ مبینہ طور دست درازی کی جس کے بعد مذکورہ لڑکی یہاں سے روتے روتے گھر کو دوڑی اور وہاںسے اپنے والدین کو ساتھ لایا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس معاملہ کو لیکر یہاں بنک میں زبر دست ہنگامہ ہوا۔ اور اسی دوران مذکورہ طالبہ اچانک گر پڑی اور اس کی موت واقعہ ہوئی۔ اگرچہ اسے اسپتال لیجایا گیا تاہم داکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ۔جوں ہی اس لڑکی کی موت کی خبر گاوں میں پھیلی تو لوگ بنک کی جانب دوڑ پڑے اور سخت احتجاج کیا۔ مشتعل لوگوں نے اس ملازم کو بنک سے باہر نکالنے کی کوشش کی تاہم پولیس فوراً یہاں پہنچ گئی اور انہوں نے اس ملازم کو گرفتار کیا۔ لوگ مانگ کر رہے تھے کہ ملزم کو ان کے حوالے کیا جائے لیکن پولیس نے انہیں ایسا کرنے سے روکا جس پر جھڑپ ہوئی۔ لوگوں نے پتھراو کیا اور پولیس نے انہوں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے کئی گولے داغے جس سے گاوں میں افرا تفری پھیل گئی۔ تاہم بعد میں مشتعل لوگوں کو منتشر کیا گیا اور قصوروار بنک ملازم کو گاوں سے لے گئے۔