سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میں اعلیٰ آفیسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میںپی ایم ڈی پی کے تحت اہم شاہرائوں اورپروجیکٹوں کے لئے حصول اراضی معاملات کاجائزہ لیا گیا ۔ایڈیشنل کمشنرکشمیر ،ڈپٹی کمشنرسرینگر ،تعمیرات کے آفیسران ،پروجیکٹ ڈائریکٹر ،پروجیکٹ ایمپلیمنٹیشن یونٹ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا،کلکٹر حصول اراضی پی ڈبلیو ڈی ،اسسٹنٹ کمشنر اورڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے جب کہ پلوامہ ،بڈگام ،بارہمولہ ، بانڈی پورہ ،گاندربل ،کرگل ،لیہہ،اننت ناگ اور کپوارہ کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ یہ سمی رنگ روڈ پروجیکٹ گالندر پانپور سے منی گام گاندربل تک 61کلومیٹر فاصلے کا احاطہ کرے گا۔یہ شاہراہ پلوامہ سے شروع ہوکر گاندربل تک بڈگام،سرینگر ،بارہمولہ اور بانڈی پورہ سے گزرے گی۔صوبائی کمشنر نے میٹنگ میں اس اہم پروجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس پروجیکٹ کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے حصول اراضی معاملات فوری طور نمٹانے پر زوردیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے این ایچ آئی اے آفیسران پر متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنران کے ساتھ باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا تاکہ اس اہم پروجیکٹ میںحائل امکانی رکائوٹوں کو دور کیا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ پروجیکٹ کو مزید تاخیر کے بغیر سرعت کے ساتھ شروع کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سمی رنگ روڈ سے جُڑے تمام معاملات کو مقررہ وقت میں حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ترقیاتی کمشنر پلوامہ نے میٹنگ کو بتایا کہ 1400کنال اراضی کی حد بندی کا کام ا ے آئی آئی ایم ایس پروجیکٹ پی ایم ڈی پی کے تحت پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے۔صوبائی کمشنر نے اس تاریخی پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے متعلقہ آفیسران پر بلا تاخیر کام کرنے پر زوردیا۔انہوں نے بی آر اوز کے انجینئروں پر گاندربل،بارہمولہ اورکرگل میں پروجیکٹ میں حائل تمام رکائوٹوں کو دور کرنے پر زوردیا۔