گرفتاریاں کشمیر یوں کے خلاف استعماری حربہ : یاسین ملک

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
  سرینگر//این آئی اے اور ای ڈی کی جانب سے کی گئی حالیہ گرفتاریوں اور اس آڑ میں جاری میڈیا ٹرائل کو جعلی اور گوبلز جیسی کاوش قرار دیتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنسیاں،انکا جانب دار میڈیا اور فورسز بھارتی حکومت کی ایماءپر کشمیریوں کی مقدس تحریک آزادی و مزاحمت کو رشوت اور دوسروں کی ایماءپر چلائی جانے والی کاوش بنانے کے درپے ہیں اورایسا کرکے یہ اس تحریک کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔ حریت پسندوں اور کشمیری تاجروں کے خلاف حالیہ این آئی اے چھاپوں اور اب گرفتاریوں کو کشمیر یوں کے خلاف استعماری حربہ قرار دیتے ہوئے فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ اس نئی بھارتی استعماریت کا واحد مقصد کشمیر یوں کی مسلمہ تحریکی قیادت کو بدنام کرکے تحریک آزادی کو کمزور کرنا اور یہاں کے تاجروں پر قدغنیں عائد کرکے کشمیریوں کی معیشت کو برباد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران، انکے کشمیری گماشتے اور ادارے چاہتے ہیں کہ کسی طرح قربانیوں سے مزین کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بکاﺅ قرار دے کر اس کو شکست دی جائے حالانکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ خود بھارت جموں کشمیر پر کورپشن کی بنیاد پر ہی قابض ہے اور اس نے یہاں ہند نواز سیاست کاروں اور اپنے چہیتے آفیسروں اور اداروں کے ذریعے کورپشن کو ادارہ جاتی بنارکھا ہے۔انہو ں نے کہا کہ اگر ہند نواز سیاست کاروں،سیاسی جماعتوں اور انتظامیہ کے آفیسروں کی جائداد کا سرسری جائزہ ہی لیا جائے گا تو پتہ چلے گا یہ سارے سابقہ ریکارڈ مات کرجائے گا۔مژھل فرضی جھڑپ میں فوجیوں کو رہا کردینے کے احکامات کو عدل و انصاف کا مذاق اُڑانے اور کشمیر میں نافذ بھارتی جمہوریت کا مکروہ ماڈل قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ اس فیصلے نے ایک بار پھر ہمارے موقف کو سچ اور صحیح ثابت کردیا ہے جس کے تحت ہم کہتے آئے ہیں کہ بھارت کشمیری کو محض اپنی نوآبادی اور کشمیریوں کو محض اپنے غلام تصور کرتا ہے جن کےلئے کسی بھی قسم کے کوئی انسانی حقوق نہیں ہیں۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *