اسلام آباد// مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے شاہد خاقان عباسی کو عبوری اور شہباز شریف کو مستقل وزیر اعظم بنانے کے فیصلے کی توثیق کردی۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’میں کرپشن کی وجہ سے نااہل نہیں ہوا، فخر ہے نااہلی کرپشن کی وجہ سے نہیں ہوئی، میرے دامن پر کوئی داغ یا دھبہ نہیں ہے، کوئی کِک بیک یا کمیشن نہیں لیا۔‘انہوں نے کہا کہ ’بدقسمتی سے کچھ نو وارد سیاستدانوں نے الزامات اور تہمتوں کی حد کردی، یہ نو وارد سیاستدان اب خود الزامات میں گھرے ہوئے ہیں، کچھ لوگوں نے مشورہ دیا کہ میں مستعفی ہوجاؤں لیکن میں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ پھولوں کی سیج نہیں، کانٹوں کا بستر ہے، میرا ضمیر صاف ہے، اگر ضمیر ملامت کرتا کوئی خورد برد یا خیانت کی تو خود استعفیٰ دے دیتا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’قوم نے ہمیشہ بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، یہ کیا ہو رہا ہے؟ عوام کو فیصلہ کرنا ہے، میں ذہنی طور پر کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہوں، نظریات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، نظریے کے حصول کے لیے پوری زندگی کی قربانی دینے کو تیار ہوں۔‘سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں کٹھن سے کٹھن وقت دیکھا ہے، میرے خلاف ہائی جیکنگ کا کیس بنا کر مجھے ہائی جیکر بنادیا گیا، لوگوں نے کہا کہ آپ کو اس کیس میں سزائے موت سنائی جائے گی لیکن اللہ نے اس وقت بھی سرخرو کیا، میں آج سے 20، 25 سال پہلے نظریاتی نہیں تھا لیکن حالات نے نظریاتی بنادیا اور اب بھی آخری وقت تک مورچے پر کھڑا رہوں گا۔‘انہوں نے کہا کہ ’انسان جب ملک سے باہر ہوتا ہے تو سوچتا ہے کہ میں نے ملک کی خدمت کی ہے، اگر پیسا ہی مطمع نظر ہوتا تو مجھے 5 ارب ڈالر کی پیشکش ہوئی تھی، میں نیاس ملک کے ایٹمی پروگرام کے بٹن پر ہاتھ رکھا، ایسے وزیر اعظم کے ساتھ یہ کر رہے ہیں جس نے پاکستان کو اقتصادی ترقی دی، جب بھی موقع ملا ہمیشہ خلوص دل اور عزم سے اس ملک کی خدمت کی ہے اور اگر اس وجہ سے مجھے کوئی سزا ملی تو اس کا دکھ نہیں بلکہ فخر ہے۔‘نواز شریف نے کہا کہ ’ملکی ترقی کے لیے ہمیں آئین و قانون کی پاسداری کرنا ہوگی، ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، بلوچستان بدل رہا ہے، روشن پاکستان طلوع ہو رہا ہے، لیکن دھرنوں اور پاناما لیکس کے ذریعے قوم کا وقت ضائع کیا گیا، ہمارے ملک کا حال افسوسناک نہیں ہونا چاہیے لیکن ملک اسی طرح چلتا رہا تو خدا نخواستہ کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔‘نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیر اعظم بنانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے بعد شہباز شریف مستقل وزیر اعظم ہوں گے۔