لیہہ/ //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست جموں وکشمیر کی کثرت میں وحدت کو اُجاگر کرتے ہوئے اسے مختلف عقائد اور ثقافتوں کا گہوارہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کا ریاست میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ رہنا جموں وکشمیر کی خصوصیت ہے۔ انہوں نے اس خصوصیت کو سماج کے مختلف طبقوں میں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لداخ خطہ میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنا اُن کی حکومت کی تمنا ہے جس میں سیاحتی مارکیٹ میں اس کی تشہیر شامل ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے سالانہ مانسروور یاترا براستہ لیہہ کی تجویز پیش کی تھی جس سے خطہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے لیہہ میں بھاری سیاحوں کی آمد کے باوجود بھی وہا ں پر لوگوں کی جانب سے پاک و صاف ماحول کو بنائے رکھنے کیلئے اُن کی سراہنا کی۔محبوبہ مفتی نے دلائی لامہ کے حالیہ بیان کی سراہنا کی جس میں انہوں نے اُن عناصر کی تنقید کی جنہوں نے تمام مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دیا۔۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایسے موقعہ پر ایسے بیانات وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ دلائی لامہ مستقبل میں بھی ریاست کا دورہ کرتے رہیں گے اور یہاں کے عوام کی بھلائی کے لئے دُعا کریں گے۔دلائی لامہ جو کہ سالانہ بدھشٹ تقریب کے سلسلے میں لیہہ کے دورے پر ہیں،کا وزیر اعلیٰ نے استقبال کیا۔دلائی لامہ نے اپنے خطاب میں لیہہ کا دورہ کر نے کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔دلائی لامہ نے وزیر اعلیٰ کی عوام تک رسائی کے لئے اُن کی سراہنا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ ایمانداری، لگن و تندہی سے کام کر کے ریاست کو مشکلات سے باہر نکالیں گی۔بعد میں وزیر اعلیٰ نے دلائی لامہ سے ملاقات کی۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سے مختلف وفود ملاقی ہوئے ۔