سرینگر//سوپور میں تیز رفتار کار نے دوکمسن سگے بھائیوں کو بری طرح سے کچل ڈالا جس کے نتیجے میں ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوا۔ادھر ٹنگمرگ میں ایک موٹر سائیکل گہری کھائی میں گرنے سے موٹر سائیکل سوار لقمہ اجل بن گیا جبکہ بانڈی پورہ میں فوج کی ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر اُلٹ گئی ، تاہم کسی کو کوئی گزند نہیں پہنچی۔ زینہ گیر سوپور کے ڈورو علاقے میں پیر کی صبح ایک سینٹرو کار زیر نمبرJK01R/1199نے دوراہ چلتے کمسن سگے بھائیوں کو زوردار ٹکر مار دی۔عینی شاہدین کے مطابق کار انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ جارہی تھی اور اسکی زد میں آکر دونوں بھائی بری طرح سے زخمی ہوئے۔انہیں فوری طور سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک بھائی12سالہ جنید سلطان ولد محمد سلطان ساکن ہرد شیوہ کو مردہ قرار دیا ۔جنید کا چھوٹا بھائی معظم سلطان اسپتال میں زیر علاج ہے۔معصوم جنید کی میت جب اس کے آبائی گھر لائی گئی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس رجسٹر کرکے چھان بین شروع کی گئی ہے اور پولیس نے کار اور اس کے ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔اس دوران پولیس ذرائع نے بتایا کہ درنگ سے ٹنگمرگ کی طرف سفر کررہا ایک موٹر سائیکل زیر نمبرJK13A/4270دوران سفر اس پر سوارمحسن احمد ماگرے ولد عبدالرشید ساکن شرائے ٹنگمرگ کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگرا۔اس واقعہ میں محسن کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی۔اس کی لاش جب اس کے لواحقین کے حوالے کی گئی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔ ادھر بانڈی پورہ پیر کی صبح بانڈی پورہ سرینگر شاہراہ پر گنڈ دچھنہ کے قریب فوج کی ایک گاڑی اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور سڑک کے کنارے سے لڑھک کر اُلٹ گئی۔حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی پری بل میں قائم27آر آر کیمپ سے وابستہ تھی جو اُلٹنے کے بعد کھیت میں جاگری۔حادثے کے وقت یہ گاڑی سرینگر سے بانڈی پورہ کی طرف جارہی تھی۔ اس واقعہ میں گاڑی میں سوار کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا، البتہ حادثے کی وجہ سے ٹریفک کو آرگام کے راستے روانہ کیا گیا۔اس دوران سوموار کو سرحدی قصبہ اوڑی کے پرنپیلاں گاوں میں ایک ٹا ٹا موبائل گاڑی زیر نمبر JK05C6479 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے کھیت میں جا گری جس دوران سڑک پر راہ چلتی ایک عمر رسیدہ خاتون 80 سالہ جانا بیگم زوجہ مرحوم ہدایت اللہ خان ساکنہ پرنپیلاں کو کچل دیا جو موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گی۔اگر چہ زخمی خاتون کو سب ضلع ہسپتال اوڑی منتقل کیا گیا مگر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا تاہم ڈرائیورجائے حادثہ سے فرار ہو گیا ہے۔اوڑی پولیس نے اس حولے سے کیس درج کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔