معاملہ بیروہ کے شہری کو 10لاکھ کے معاوضہ کا

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
سرینگر// بیروہ میںفوجی گاڑی کے آگے نوجوان کو باندھ کر انسانی ڈھال بنانے کے بعد حقوق ابشر کے مقامی کمیشن کی طرف سے فاروق احمد نامی شہری کو10لاکھ روپے کا معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت کے خلاف بی جے پی لیڈر نے انسانی حقوق کمیشن میں درخواست دائر کی،جس میں کہا گیا ہے کہ اگر فاروق احمد کو معاوضہ دیا گیا تو فوج کے حوصلے پست ہوجائیں گے۔ بیروہ میں شہری فاروق احمد کو فوجی میجر للت گگوئے کی طرف سے گاڑی کے آگے باندھنے کی گونج کے بعد یہ معاملہ بشری حقوق کے ریاستی کمیشن کی نوٹس میں لایا گیا ۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر) بلال نازکی نے سرکار کو6ہفتوں کے اندر10لاکھ روپے کا معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اس دوران بی جے پی جھارکھنڈ کے ریاستی سیکریٹری گوری شنکر نے ریاستی کمیشن کے پاس ایک عرضی دائر کی،جس میں کہا گیا ہے کہ اگر سرکار نے فاروق احمد نامی اس نوجوان کو10لاکھ روپے کا معاوضہ دیا تو یہ فوج کے حوصلوں کو پست کرنے کے مترادف ہوگا۔ گوری شنکر نے اس سلسلے میں ایک پٹیشن نمبرSHRC/220/17دائر کی۔ادھر انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے بھی بشری حقوق کے ریاستی کمیشن میںگزشتہ جمعہ کو بیروہ میں ہی فوج کی طرف سے ایک نوجوان تنویر احمد کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے سلسلے میں عرضی پیش کرتے ہوئے  پوچھاہے’’کیا اس طرح کی کارروائیوں سے فوج کے حوصلے بلند ہونگے‘‘۔اونتو نے فوج کی53آر آر،جس میں میجر للت گگوئے تعینات ہے کہ خلاف عرضی  نمبر SHRC/BUD/221/2017دائر کی،جس میں کہا گیا ہے کہ تنویر کی ہلاکت سے متعلق پہلے ہی پولیس نے فوج کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ عرضی میں مزید کہا گیا ہے کہ میجر گگوئے کے خلاف بھی پہلے ہی پولیس کیس درج کر چکی ہے،اور اس تحقیقاتی عمل میں اب سرعت لائی جانی چاہے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *