بڈگام//وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے میںپیر کوکئی گاﺅں کی آبادی نے تحصیل ہیڈ کواٹر کھاگ میں محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف دھرنا دیکر احتجاج کیا ۔دھرنا پر بیٹھے لوگوں کا الزام تھا کہ آر اینڈ بی بڈگام دس کلو میڑ آری پانتھن کھاگ سڑک کی کشادگی کیلئے اُن سے بغیر کسی معاوضہ کے انکی ملکےت چھین رہا ہے ۔انہوںنے نعرہ بازی کرتے ہوئے نصر پورہ نامی گاﺅں سے کھاگ تک پیدل مارچ کیا اور وہاں تحصیل اور آر اینڈ بی دفاتر کے باہر دھرنا دیا۔مظاہرین نے اس ضمن میں تحصیلدار کھاگ کو ایک یاداشت پیش کی ۔ کھاگ درنگ سڑک پر دھرنا دیتے ہوئے مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ انہیں محکمہ کی جانب سے آئے روز تنگ وطلب کیا جارہا ہے کہ سڑک کے کنارے دکانیں ، مکانات اورمیوہ باغات ہٹائیں۔عبدالمجید نامی ایک مقامی شخص نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں محکمہ کی جانب سے آئے روز برلب سڑک اُن کی زمینیں، دکانات ، میوہ باغات اور مکانات ہٹائے جانے کے لئے نوٹسیںبھیجی جارہی ہےں جسکی وجہ سے انہیں طرح طرح کے خدشات لاحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تئیں محکمہ کا رویہ صحیح نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ احتجا ج کا راستہ اختیا ر کرنے پر مجبور ہوگئے ۔مظاہرین کے مطابق جب بھی اس حوالے سے مقامی لوگوں نے آر اینڈ بی کا دروازہ کھٹکھٹایا تووہاں یہ کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے کہ اُن کے آباواجداد اس زمین کا معاوضہ برسوں پہلے لے چکے ہیں ۔انہوں نے کہا ” اگر واقعی ہمارے آباو اجدادنے معاوضہ حاصل کیا ہے تو ثبوت پیش کیوں نہیں کیا جاتا؟دھرنے میں شامل ڈاکٹر مندیپ سنگھ کا کہنا تھا کہ محکمہ کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے باضابطہ طور سڑک کی کشادگی میں درکار زمین کی نشاندہی کرتا لیکن انہوں نے ایسا کرنے کی بجائے متاثرین کو نوٹسیں روانہ کیں۔ حاجی غلام احمدساکن بونہ گنڈ کا کہنا تھا کہ انہیںسرکار کی جانب سے آج سے تیس سال قبل زمین دھنس جانے کے بعد مصطفی کالونی سے بونہ گنڈ منتقل کیا گیا ، جہاں انہیںفی کنبہ سات سات مرلہ زمین فراہم کی گئی اور اب سڑک کی کشادگی میں اُن سے وہی زمین واپس لی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ آری پانتھن کھاگ سڑک CRFنامی مرکزی سیکم کے تحت 45فٹ تک کشادہ کرنا مطلوب ہے جس پر کام سست پڑگیا ہے۔ ا یگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی بڈگام کاچو محمود علی نے اس ضمن میں کہا کہ جتنی بھی زمین سڑک کی کشادگی کے لئے لی جائے گی ،اسکا معاوضہ متاثرین کو دیا جائے گا ، تاہم جس زمین کا معاوضہ برسوں قبل دیا جاچکا ہے ۔وہ پھر سے ادا نہیں کیا جاسکتا۔