سرینگر//ناربل اور کرسو راجباغ میں پینے کے پانی کی شدیدقلت کے سبب ہاہا کار مچی ہوئی اور تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق کل نار بل میں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے عوام نے سرینگر ،گلمرگ شاہراہ پر احتجاج کیا جسکی وجہ سے شاہراہ سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ گرمیوں کے شدید ایام کے دوران علاقہ مقیم کو پانی کی عدم دستیابی کے سبب شدید ترین مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ ذمہ داروں کا بار ہا اس ضمن میں آگاہ کیا گیا لیکن پانی کی سپلائی اب تک بحال نہیں ہوسکی ۔احتجاجی مظاہرین نے سرینگر ۔گلمرگ شاہراہ پر دھر نا دیا اور ٹریفک کی نقل وحرکت کو مسدود کر کے رکھ دیا ۔اس دوران پو لیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران یہاں پہنچے جنہوں نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ علاقے میں پانی کی سپلائی کی جائیگی اور متبادل کے بطور ٹینکر بھی روانہ کئے جائیں گے ۔ادھر کرسوراجباغ بنڈ پر مرد وزن نے سڑک پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنا دے کر کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمد ورفت کو مسدود کر دیا۔ مظاہرہ کر رہی خواتین کا کہنا تھا کہ علاقہ کے لوگ گذشتہ ایک ہفتے سے پانی کیلئے ترس رہے ہیں اور محکمہ پی ایچ ای پانی فراہم کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ راجباغ اولین پاش کالونی راجباغ ،کرسو،پتی کرسواوردیگرمضافاتی بستیوں میں پچھلے کئی ہفتوں سے پینے کے پانی کی شدیدقلت پائی جاتی ہے ،جسکے نتیجے میں متاثرہ کالونیوں اوربستیوں میں رہنے والے لوگوں کوسخت مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔