بانہال// رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کی ریاستی سطح کی ایک ایجوکیشن کنونشن منعقد کی گئی جس میں فورم کے ریاستی چیئرمین فاروق احمد تانترے مہمان خصوصی اورسوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رکن لیکچرار منظور احمد کامگار مہمان ذی وقار کے طور پر مدعو تھے ۔ریاست کے سرکاری سکولوں کیلئے مرتب شدہ نصاب میںپائی جانے والی خامیوں کا ذکر کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس کا خمیازہ بچوںکو بھگتنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرایمری سطح تک کے بچوں کے لئے نصاب میں شامل کئی کتابیں ایسی ہیں جو ان کم عمر بچوں کو ذہن نشین کرانی مشکل ہیں ، تجربہ کار اساتذہ کا ماننا ہے کہ سرکاری سکولوں کے لئے پرائمری سطح تک کے نصاب میں شامل کی گئی کتابیں ان بچوں کے ذہن کے مطابق تیار نہ کی گئی ہے جس کی وجہ سے ان بچوں کی پڑھائی پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس سال سے ریاست میں ایجوکیشن پالیسی مرتب کر نے کی باتیں کی جا رہی ہیں لیکن بد قسمتی سے آج تک اس پالیسی کو فریم نہ کیا گیا جو کہ قابل افسوس ہے۔ تانترے نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیادہ تر غریب والدین کے بچے زیر تعلیم ہیں اور ان بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر نے کے لئے بنیادی ڈھانچہ اوراساتذہ کی کمی کے علاوہ دیگر جدید سہولیات کی عدم دستیابی کے باوجود رہبر تعلیم اساتذہ جو فرائض انجام دے رہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔انہوں نے اساتذہ سے تلقین کی کہ وہ اپنے کام میں اور بہتری لانے کی کوشش کریں تاکہ سرکاری سکولوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے -فورم چیئرمین نے فورم کی طرف سے ریاست میں ایک انویشن سیل قائم کرنے کا اعلان کیا جس کا سربراہ آفتاب عالم ملک رہبر تعلیم ٹیچر کو مقرر کیا گیا۔اس سیل میں ریاست کے ہر اضلاع سے ذہین قابل و باصلاحیت اساتذہ کو شامل کیا جائے گا جو ریاست میں تعلیمی نظام کو بہتر اور معیاری بنانے کے لئے کام کریں گے۔ان کے علاوہ فورم کے ریاستی صلاح کار شکیل زوہد نے بھی سرکاری سکولوں میں پڑھائے جا رہے نصاب کی کتابوں کی کئی خامیوں کا ذکر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں فورم کو بھی آگے آنے کی ضرورت ہے اور تعلیمی معیار کو بڑھانے کے لئے کام کرنا ہو گا۔ فورم ریاستی نائب صدر شیو دیو سنگھ،جاوید گل ،اپیکس ممبر مشتاق ملک ،آفتاب عالم ملک ، ضلع صدر رام بن فاروق رونیال،ضلع نائب صدر، سیوا سنگھ ،شفقت نثار، سماجی کارکن و لیکچرار منظور احمد کامگار و دیگران نے بھی اس موقع پر تعلیمی معیار کو جدید طرز پر فروغ دینے کے لئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر مقررین نے رہبر تعلیم اساتذہ کو درپیش مختلف مسائل اور مشکلات کے بارے میں چیئرمین کو آگاہ کیا گیا جس میں پانچ سالہ سروس کو ریکارڈ میں شامل کرنا، تنخواوں کی وقت پر واگذاری اور اسے سڑیم لائن کرنا، یو جی سی منظور شدہ یونیورسٹوں سے حاصل شدہ ڈگری ہولڈروں کی مستقلی اور اسے سروس ریکارڈ میں شامل کرنا و دیگر مطالبات کو اجاگر کیا گیا۔