سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے پانتھہ چھوک میںٹرکوں کے زیر استعمال علاقے اور جنرل بس سٹینڈ بٹہ مالو کو پارمپورہ میں نئے بس اڈے میں منتقل کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ایڈیشنل کمشنرکشمیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس آر ٹی سی،آر ٹی او کشمیر ،ڈی ایس پی ٹریفک،چیف انجینئر آر اینڈ بی ،پی ڈی ڈی اورپی ایچ ای کے انجینئران ،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی،ایس ڈی اے کے نمائندے اورڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ پانتھہ چھوک کے نزدیک 16کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ شاہراہ کے قریب ہے اور اسے ٹرک پارکنگ کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے،یہ اراضی ایس ڈی اے کی ملکیت ہے۔صوبائی کمشنر نے ایس ڈی اے کو یہ اراضی پارکنگ کے قابل بنانے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے پانتھہ چھوک سے نوگام تک شاہراہ کو نوپارکنگ زون قراردیا۔انہوںنے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹاجائے گا۔دریں اثنأ میٹنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں ٹریفک دبائو کو کم کرنے کے لئے جنرل بس اسٹینڈ بٹہ مالو کو پارمپورہ منتقل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اوریہ کام عنقریب ہی مکمل ہوگا۔