سرینگر//وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی ، سماجی بہبود ، صحت و طبی تعلیم آسیہ نقازش نے آلسٹینگ واٹر ریزروائیر کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے اجتماعی کوششیں لازمی ہیں تا کہ مکمل ہونے پر لوگ اس سے مستفید ہو سکیں ۔ انہوں نے اس اہم پروجیکٹ کے ڈی پی آر پر متعلقہ حکام کو من و عن عمل کرنے کیلئے کہا ۔ اس موقعہ پر وزیر کو بتایا گیا کہ کروڑوں روپے کی مالیت کا یہ پروجیکٹ مکمل ہونے پر زکورہ ، بیہامہ ، ہودورہ ، حبک اور شمپورہ علاقوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گا اور اس میں ایک ماہ کی مدت کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہو گی ۔ بعد میں آسیہ نقاش نے زکورہ اور گردو نواح کے علاقوں کا دورہ کر کے وہاں زیر تعمیر ڈرنیج نظام کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے اس موقعہ پر متعدد عوامی وفود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے اُنہیں مسائل اور اُن کی مانگوں سے متعلق آگاہی حاصل کی ۔ انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام مسائل و مانگیں مرحلہ وار حل اور پوری کی جائیں گی ۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو نالیوں، سڑکوں اور گلی کوچوں کی صفائی معمول بنانے کی ہدایت دی ۔