منڈی+مہور//سلسلہ پیر پنچال میں حالیہ بارشوں سے نجی املاک کو زبردست نقصان پہنچا ہے جب کہ منڈی دریامیں شدید طغیانی کی وجہ سے ایک 90سالہ بزرگ خاتون دریا میں بہہ کر لقمہ اجل بن گئی ۔منگل کی دوپہر منڈی میں شدید بارش کی وجہ سے دریا میں کافی زیادہ پانی آگیا جس کی وجہ سے 90 سالہ عائشہ بیگم دختر غفار ساکنہ چکراڑا دریا برد ہو گئی جس سے اس کی موت ہوئی ۔عائشہ بیگم اپنے مال مویشی کے ساتھ چکراڑا کے مقام پر تھی کہ اچانک تیز بارش کی وجہ سے دریا میں شدید طغیانی آئی اور پانی کا بہاﺅ اسے اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔مقامی لوگوں اور پولیس کی طرف سے اس کی نعش کی تلاش کی جارہی ہے تاہم اس میں ابھی تک کامیابی نہیں ملی ۔اس دوران سب ڈویژن درماڑی کے علاقہ چھنڈی ڈیری گلی میں توری دیوی زوجہ کپور سنگھ کا مویشی خانہ گزشتہ شب منہدم ہو گیا جس میں 6 مویشی زندہ ہی دفن ہوگئے۔ایس ڈی پی او ارناس محمد اسلم میر نے۔بتایا ایک پولیس پارٹی موقع پر گئی ہے لیکن یہ علاقہ اتنا دور ہے وہاں پر فون بھی نہیں چل رہا تاہم پولیس پارٹی ابھی تک واپس نہیں پہنچی۔اس کے علاوہ درماڑی میں مزید کئی رہایشی مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔سب ڈویژن مہور میں بھی بارش کی وجہ سے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے ٹکسن اور گلاب گڑھ علاقہ میں کئی سڑکوں، واٹر سپلائی اسکیموں اور بجلی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔تحصیل چسانہ سے لوگوں نے بتایا کہ وہاں پر کئی پل پانی کے ساتھ ہی بہہ گئے جس میں روڈی منجیکوٹ پل,جیا بگوداس پل,تھاریلہ رمنباس پل وغیرہ شامل ہےں اور طلباءاسکولوں میں نہیں جا سکے جس کی وجہ سے ضلع انتظامیہ نے کئی امتحانات ملتوی کئے ہیں۔مہور تا جموں سڑک آخری خبر ملنے تک بند تھی۔