جموں//اگرچہ حکومت سڑکوں کی حالت زارکوسدھارنے کیلئے اقدامات کے دعوے کرتی ہے لیکن زمینی سطح پر حکومت کے ان دعوئوں میں صداقت نظرنہیں آتی ہے۔ تحصیل بھلوال کے مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی حالت نہ گفتہ ہے اورساتھ ہی محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیوڈی ) کی جانب سے پانی نکاسی نظام یعنی نالیاں نہ نکالنے کی وجہ سے مختلف سڑکوں پر خاص طورپربرسات کے موسم میں پانی جمع ہوکر تالاب کی سی صورت اختیارکرلیتاہے جس کی وجہ سے عام لوگوں اورگاڑی ڈرائیوروں کوشدیدمشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔ اس سلسلے میں گھروٹہ تاگرینٹ (ساڑھے تین )3.5 کلومیٹر سڑک سے متعلق مقامی لوگوں نے شکایت کی ہے اس سڑک کے کنارے محکمہ پی ڈبلیوڈی نے نالیاں تعمیرنہیں کی ہیں جس کی وجہ سے بارشوں کی وجہ سے اکثراس سڑک پرپانی جمع رہتاہے اورجب شدیدبارش ہوتی ہے توگرینٹ ۔گھروٹہ سڑک تالاب بن کررہ جاتی ہے جس سے مقامی لوگوں بالخصوص مسافروں وڈرائیوروں کومشکلات جھیلناپڑتی ہیں۔ مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ سے اپیل کی ہے کہ گھروٹہ تاگرینٹ رابطہ سڑک کے کنارے نالیاں تعمیرکی جائیں تاکہ پانی کی نکاسی ہونے کے باعث لوگوں کودرپیش مشکلات کاازالہ ہوسکے۔