اوڑی //اگلے ہفتے سے کاروان امن بس اور آرپار تجارت شروع ہوجائیگا۔ جمعرات کو کمان پل اوڑی پر پاکستانی زیر انتظام کشمیر اور جموں و کشمیر کی انتظامیہ افسران کے درمیان میٹنگ ہوئی جس میں دونوں طرف کے افسران نے اگلے ہفتے سے کارون امن بس سروس اور آرپار تجارت کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ۔سب ضلع مجسٹریٹ اوڑی ڈاکٹر ڈی ساگر ڈائیفوڈ نے میٹنگ کے حوالے سے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کمان پل پرانتظامیہ کے درمیان میٹنگ کامیاب رہی اور اس میٹنگ میں آنے والے ہفتے میں 7 اگست سے کاروان آمن بس جاری رہے گی اور 8 اگست سے آرپار تجارت کو بھی دوبارہ سے بحال کیا جائے گا۔اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ آرپار تجارت کے حوالے سے ٹریڈ عملے کے درمیان ماہانہ ایک میٹنگ عمل میں لائی جائے گی جس میں آرپار تجارت کے حوالے سے آپس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا اور یہ میٹنگ کمان پل کے بجائے ٹیورسٹ رسپشن سنٹر سلام آباد یا چکوٹی میں ہوگی۔انہوں بتایا کہ ٹریڈرس عملے کی میٹنگ 7 ستمبر کو چکوٹی میں ہوگی۔میٹنگ میں گرفتار پاکستانی ڈرائیور کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔