نئی دہلی//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم بالی بھگت نے کل یہاں مرکزی وزیر برائے صحت جگت پرکاش نڈا سے ملاقات کی اور ریاست میں صحت پروجیکٹوں سے متعلق مختلف ترقیاتی معاملات پر گفت و شنید کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم، سیکرٹری ٹکنیکل اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایم کے علاوہ ڈائریکٹر محکمہ صحت و طبی تعلیم کے علاوہ مرکزی حکومت کے متعلقہ افسران موجود تھے۔دوران میٹنگ کٹھوعہ اور ڈوڈہ میڈیکل کالجوں کی تعمیر سے متعلق مختلف معاملات پر غور و خوض ہوا جس کے لئے فی پروجیکٹ51 کروڑ روپے پہلے ہی مرکزی حکومت نے واگذار کئے ہیں۔وزیر نے کہا کہ پروجیکٹوں کے لئے اراضی کے حصول کا عمل مکمل کیا گیا ہے اور دونوں پروجیکٹوں کے لئے مفصل پروجیکٹ رپورٹ مرتب کی گئی ہے اور عنقریب ہی دونوں پروجیکٹوں کے لئے ٹینڈر طلب کئے جارہے ہیں۔وزیر نے مرکزی وزیر کو سرینگر اور جموں کے لئے ایمز کی تعمیر کے لئے اراضی کی منتقلی کے بارے میں بھی تفصیل دی۔ دوران میٹنگ وزیر نے برن انجری یونٹ کے قیام پر زور دیا جس کے لئے ریاستی حکومت نے پہلی ہی4.7 کروڑ روپے کا پروجیکٹ پیش کیا ہے۔وزیر نے مرکزی وزیر سے جموں میڈیکل کالج میں پی ای ٹی سکین نصب کرنے کے لئے رقومات کی واگذار ی کی درخواست کی تا کہ سرطان میں مبتلا مریضوں کو معقول تشخیصی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔مرکزی وزیر نے بالی بھگت کو سرینگر اور جموں میں ایمز پروجیکٹوں کے لئے اراضی اوردیگر سہولیات دستیاب بہم رکھنے کے لئے کہا تا کہ ان پروجیکٹوں پر کام شروع ہوسکے۔