سرینگر//وزیر مملکت برائے مکانات ، شہری ترقی اور سماجی بہبود آسیہ نقاش نے سرینگر میں بالعموم اور حضرتبل حلقہ انتخاب میں بالخصوص جاری بجلی پروجیکٹوں پر ہو رہے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر وزیر نے محکمہ بجلی کے حکام کو جاری کام بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ عام لوگ اس بنیادی سہولیت سے مستفید ہو سکیں ۔ دورانِ میٹنگ وزیر نے بٹہ پورہ میں رسیونگ سٹیشن پر ہو رہے کام کے بارے میں تفصیل طلب کی ۔ انہوں نے حکام کو اندرہامہ ، بٹہ پورہ اور شہر کے دیگر علاقوں میں بجلی کھمبے نصب کرنے کیلئے کہا اور محکمہ کے حکام کو بجلی کھمبوں اور ٹرانسفارمروں کی ضرورت سے متعلق تخمینہ رپورٹ اُن کے دفتر میں فوری طور بھیجنے کیلئے کہا ۔ وزیر کو سرینگر میں مختلف مقامات پر بجلی پولوں اور ٹرانسمیشن لائینوں کی تنصیب سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ حضرت بل حلقہ انتخاب میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے بشمول بجلی کھمبوں و ترسیلی لائینوں کی تنصیب کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی ماندہ کام اگلے 10-15 دنوں کے اندر مکمل کیا جائے گا ۔ میٹنگ میں سپرنٹینڈنگ انجینئر بجلی اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔