اودھمپور //وزیر برائے مال ، امداد ، باز آبادی کاری ، تعمیرِ نو ، ڈیساسٹر منیجمنٹ اور پارلیمانی امور عبدالرحمان ویری نے آج محکمہ مال کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن پر منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیا ۔ دورانِ ورکشاپ محکمہ مال سے متعلق مختلف امور بشمول جمع بندی ، انتقال ، حد بندی ، اراضی کے حصول وغیرہ سے متعلق موضوعات پر مفصل غور و خوض ہوا ۔ دورانِ ورکشاپ ماہرین نے محکمہ مال کے ریکارڈ کے رکھ رکھاؤ کیلئے معقول طریقہ کار پر روشنی ڈالی جن میں گرداوری ، لال کتاب ، روز نامچہ واقعاتی وغیرہ شامل ہیں ۔ اس کے بعد سوال و جواب کا اجلاس شروع ہوا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے محکمہ مال کے افسران کو لگن و تندہی سے کام کرنے کی ہدایت دی تا کہ عوام کو کسی بھی قسم کی شکایت کا موقعہ نہ ملے اور اگر ایسی کوئی شکایت سامنے آئے بھی تو اُس کا ازالہ کم سے کم مدت کے اندر یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے محکمہ مال کے ریکارڈ کو مناسب طریقہ سے محفوظ رکھنے کی بھی ہدایت دی اور اس سلسلے میں فیلڈ دوروں کو معمول بنانے کی بھی انہیں ہدایت دی ۔ وزیر نے ڈپٹی کمشنر اودھمپور کو التوا میں پڑے انتقالِ اراضی معاملات کا ماہانہ بنیاد پر جائیزہ لینے کی ہدایت دی ۔ ڈویژنل کمشنر جموں ، کمشنر لینڈ ریکارڈز ، ڈپٹی کمشنر اودھمپور اور دیگر متعلقہ افسران نے ورکشاپ میں شرکت کی ۔