جموں / جموں کشمیر انڈسڑیز لمٹیڈ کے65 کروڑ روپے کی مالیت کے 6 نئے پروجیکٹ عوام کے نام عنقریب وقف کئے جا رہے ہیں ۔ اس کا اظہار سرینگرمیں ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 153 ویں میٹنگ میں کیا گیا جو آج یہاں وزیر برائے صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا کی صدارت میں سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں وزیر مملکت برائے صنعت و حرفت سید فاروق احمد اندرابی بھی موجود تھے ۔ بورڈ کو مطلع کیا گیا کہ گورنمنٹ جوائینری مل پانپور کی توسیع کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے اور یونٹ رسمی افتتاح کیلئے تیار ہے ۔ اسی طرح گورنمنٹ سلک فیکٹری راجباغ کی توسیع 23.54 کروڑ روپے اور گورنمنٹ وولن مل بمنہ کی توسیع کیلئے 11.74 کروڑ روپے عالمی بنک فنڈنگ کیلئے جہلم توی فلٖڈ ریکوری پروجیکٹ کے تحت منظور کئے گئے ہیں ۔ میٹنگ کو مطلع کیا گیا کہ اس سلسلے میں ٹینڈر حاصل کئے گئے ہیں اور راجباغ سلک فیکٹری پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد عنقریب رکھا جا رہا ہے ۔ بورڈ نے مقامی ریشم دھاگے کی معقول مقدار میں دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے دو کتائی یونٹوں سرینگر اور جموں میں از سر نو چالو کرنے کو منظوری دی ہے ۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ جوائینری مل جموں کی جدید کاری ، توسیع اور شو روم کی تعمیر کو بھی منظوری دی گئی ۔ میٹنگ میں ان یونٹوں کیلئے مجوزہ مارکیٹنگ منصوبوں پر بھی غور و خوض ہوا ۔ بورڈ نے گورنمنٹ جوائینری مل بڑی براہمناں جموں کو توسیع دینے کے منصوبے کو بھی منظوری دی ۔ منصوبے کے تحت ایک نیا مشین ہال، جدید سہولیات سے آراستہ شو روم 8.50 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ جے کے آئی نے لکڑی کے کام اور لکڑی کی دستکاری کیلئے کامن فیسلٹی سنٹر بڑی براہمناں ملز کے احاطے کے اندر قایم کرنے کیلئے ایک پروجیکٹ رپورٹ مرتب کیا ہے جس کے تحت مشینوں کے حصول اور ٹریننگ ڈیزائین اور ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں مزید سہولیات قایم کرنا اور دستکاروں کیلئے بہتر مارکیٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بڑی براہمناں جموں میں گذشتہ ماہ نئی گورنمنٹ جوائینری مل کا سنگِ بنیاد رکھا جس پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹ کو چھ ماہ کی مدت کے اندر مکمل کرنیکی ہدایت دی ہے ۔ میٹنگ میں جے کے آئی ملازمین کے پنشن معاملات پر بھی غور و خوض ہوا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کے چئیر مین اور وزیر برائے صنعت و حرفت نے کہا کہ موجودہ ملازمتوں کو قایم رکھنے اور مقامی لوگوں کیلئے بلواسطہ یا بلا واسطہ روز گار فراہم کرنے کیلئے اس نوعیت کے اقدامات اٹھانالازمی ہیں ۔ جبکہ فاروق اندرابی نے جے کے آئی ملازمین کو پیداواری صلاحیت بڑھانے اور بہترین ورک کلچر کا مظاہرہ کر نے کیلئے کہا ۔ میٹنگ میں دیگر بورڈ ممبران کے علاوہ وائس چئیر مین جے کے آئی ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت ، منصوبہ بندی و خزانہ محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔