گول//آج ڈاک بنگلہ گول میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد ہوا جس کی صدارت ایس ڈی پی او گول محمد امین بٹ نے کی ۔ اس موقعہ پرجہاں لوگوں نے پولیس سے متعلق مسائل بیان کئے وہیں سول انتظامیہ کی جانب سے مسائل کی جانب عدم توجہی کابھی اظہار کیا۔اس موقعہ پرگول میں ڈگری کالج کی تعمیر، بازارمیں صفائی ، بازارمیں کھڑی گاڑیوں سے جام،اور دوسری سڑکوں پر ورکشاپ و کھڑی گاڑیوں سے پیدہ شدہ مشکلات کا بھی ذکرکیا گیا ۔لوگوں نے اس موقعہ پر پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ صحت عامہ پرلگام کسیں کیونکہ پورے سب ڈویژن گول میں لوگ غلیظ پانی پینے پرمجبور ہو رہے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جہاں جہاں سے بھی عوام کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے گندگی سے بھرا ہوتا ہے اورحوض بھی گندگی سے بھرے ہوئے ہیں اور پولیس کو چاہئے کہ وہ ان حوضوں کو چیک کریں اور محکمہ کے خلاف کڑی کارروائی کریں ۔وہیں اس دوران سنگلدان میں پٹیل ریلوے کمپنی کی جانب سے چور دراوازے سے بھرتیوں ،پانی پرنا جائز قبضہ کی بھی لوگوں نے آواز اٹھائی اور کہا کہ یہ کمپنی لوگوں کے حقوق کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے اور باہر سے لڑکوں کو لاکر انہیں بھرتی کیا جاتا ہے جبکہ مقامی نوجوانوں کو نظر انداز کیا جا رہاہے ۔لوگوں نے کہا کہ جو پرانے چشمے سنگلدان باندن وغیرہ علاقوں میں تھے تمام چشموں پرکمپنی کا قبضہ ہے اور لوگوں کو ان سے کوئی پانی نہیں دیا جاتا ہے اور بے جا کٹائی کی وجہ سے کئی چشمے بھی سوکھ گئے ہیں ۔اس دوران لوگوں نے ٹھٹھارکہ سڑک کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ کئی سال قبل اس پر تعمیری کام ٹھپ ہوا ہے لیکن انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہاہے۔ اس موقعہ پورے سب ڈویژن میں تعلیم پر بھی بات ہوئے اورلوگوں نے پولیس کی جانب سے نقل کی وباء پرکسی حد تک کنٹرول کرنے پرخیر مقدم کیا اور کہاکہ ایسے لوگوں پر کارروائی کی جانی چاہئے جو غریب طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑکیا جا رہاہے۔وہیں اس موقعہ پر جرائم پربھی بات ہوئی اورلوگوں نے عوام سے کہا کہ وہ پولیس کا بھر پورساتھ دیں اور جرائم کو جڑ سے ختم کریں گے ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی پی او گول محمدامین بٹ نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور پولیس کے بیچ دوریاں نہیں ہونی چاہیں اور اگر کوئی شکایت پولیس سے متعلق ہے اُسے اُن کے سامنے رکھیں کسی بھی شخص کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس کا تامیل مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ جرائم کو ختم کرنا ناگریز ہے ۔