سرینگر // لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال نیکہا ہے کہ کشمیری اسیروں پر جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں اسکی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں مل سکتی۔کشمیریوں کی نسل کشی بھی جاری ہے اور عالمی برادری کی نیند بھی جو اس قتل عام پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ فرنٹ کے علیل چیئرمین محمد یاسین ملک ،نائب چیئرمین مشاق اجمل اور سینئر ممبر غلام محمد ڈار جو ۲۱؍ جولائی سے سرینگر سینٹرل جیل میں مقید ہیں کی اسیری کو طول دیا جارہا ہے ۔زونل صدر نے کہا کہ ہزاروں کشمیری بڑے اور بچے بھارتی اور جموں کشمیر کی مختلف جیلوں کے اندر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں اور ان لوگوں کا کوئی بھی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اسیروں کو بے بنیاد الزامات پر جیلوں میں ڈالا جاتا ہے،انہیں منصفانہ ٹرائل اور انصاف سے محروم رکھا جاتا ہے اور سالہاسال تک انہیں جرم بے گناہی کی پاداش میں جیلوں کے اندر سڑا کر ان کے مستقبل اور زندگیوں کو تباہ کرنا معمول بن چکا ہے۔نور محمد کلوال نے کہا کہ اس ضمن میں ایک تازہ مثال تہاڑ جیل میں مقید ایک کشمیری محمود ایوب ٹوپی والا کی ہے جنہیں ۱۷ نومبر ۱۹۹۶ کو کنگن سے گرفتار کرلینے کے بعد دہلی منتقل کیا گیا اور دہلی سیشن کورٹ سے ۲۷ سال کی سزا سنائی گئی۔ ۲۰۰۳ء میں بھارتی سپریم کورٹ نے اس کی سزا کم کرکے ۲۰ ؍ برس کی اور اسیری کی مدت ختم کرنے پردہلی حکومت کو اس کے کیس پر نظر ثانی کرکے اسے رہا کردینے کا حکم جاری کیا۔اب جبکہ اس شخص نے تہاڑ جیل میں اپنی زندگی کے ۲۰ برس اور ۷ ماہ گزارے ہیں لیکن اس کی رہائی ابھی تک نہیں ہورہی ہے اور نا ہی کوئی اس شخص کے معاملے پر غور کرنے پر تیار نظر آتا ہے۔ یہی حال دوسرے کشمیری اسیروں جن میں محمد لطیف واجہ، محمد علی کلے،مرزا نثار حسین،عبدالغنی گونی،جاوید احمد خان اور نوشاد علی کا بھی ہے جنہوں نے ۲۱ برس جیلوں میں گزارلئے ہیں لیکن رہا نہیں کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ ایسی ہی کیسوں میں ملوث سادھوی پرگیا ٹھاکرجو مالیگام بلاسٹ میں ملوث تھیںکو صرف ۹ برس بعد ضمانت پر رہائی کے احکامات آتے ہی رہا کردیا ہے لیکن مسلمان اور خاص طور پر کشمیری اسیروں کے تئیںدہلی کے حکمران معاندانہ اور مخاصمانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں اور سزا مکمل ہونے کے باوجود محمود ایوب ٹوپی والا جیسے کشمیریوں کو رہا نہیں کیا جارہا ہے جو ہر لحاظ سے مذموم اور غیر جمہوری ہے۔جے کے ایل ایف زونل صدر نے کہا کہ حالیہ ایام میں قتل و غارت کا یہ سلسلہ تیز تر کیا گیا ہے اور پچھلے چند روز کے دوران ہی ہمارے کئی معصومین کے خون کی ہولی کھیلی گئی ہے جن میں فردوس احمد ،عقیل احمد،غلام محمد،شارق احمد ،شبیر احمد،عارف نبی ڈار،عاقب یتو،سہیل احمد اوریاور نثار وغیرہ قابل ذکر ہیں شامل ہیں۔ زونل صدر نے کہا کہ ایک طرف یہ قتل و غارت کا نا رکنے والا سلسلہ جاری ہے اور دوسری جانب اقوام عالم کی خوابیدگی بھی جاری ہے جو کشمیریوں کی اس نسل کشی پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔درایں اثناء جے کے ایل ایف کے ضلع صدور پلوامہ و اسلام آباد جاوید احمد بٹ اور محمد اسحاق گنائی دو وفود جن میں طارق احمد، نذیر احمد خان اور مشتاق احمد کوچھے وغیرہ شامل تھے نے مذکورہ شہداء کے غم زدہ لواحقین کے پاس جاکر ان کی ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ جے کے ایل ایف وفود نے ان شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کیلئے اعلیٰ درجات کی بھی دعائیں کیں۔