سرینگر//الیکٹرانک میڈیا کے منفی پروپگنڈے کو کشمیر دشمنی کی انتہا ء قرار دیتے ہوئے مسلم کانفرنس کے چیئرمین حاجی غلام نبی سمجھی نے کہا کہ نیوز چینلیںمزاحمتی لیڈران پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر کردار کشی کی مرتکب ہوتی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’ریپبلک نیوز چینل ‘ نے اُن پر جھوٹے الزامات لگا کر عوامی شبیہ کو نقصان پہنچایا اور اگر نیوز چینل کے مدیر ارنب گوسوامی نے معافی نہیں مانگی ،تو وہ عدالت کا در وازہ کھٹکھٹا نے پر مجبور ہوجائیں گے ۔کشمیر نیوز سروس کیساتھ بات کرتے ہوئے حریت (گ) جنرل سیکر یٹری اور مسلم کانفرنس کے چیئرمین غلام نبی سمجھی نے کہا کہ بھارتی الیکٹرا نک میڈیا نے مزاحمتی لیڈران کی کردار کشی کرنے کے حوالے محاذ کھول رکھا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ بھارتی الیکٹر انک نیوز چینلیں مزاحمتی لیڈران پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر اُنکی عوامی شبیہ بگاڑ رہی ہیں اور یہ سب ایک سوچھے سمجھے منصو بے کے تحت کیا جارہا ہے ۔اپنے ایک بیان میں غلام نبی سمجھی نے بتایا کہ ’ریپبلک نیوز چینل ‘ نے منگل کے روز اپنے ایک پروگرام میں جھوٹ پر مبنی ایک دعویٰ کیا کہ اُنکے پاس (غلام نبی سمجھی) ار بوں روپئے کی جائیداد ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نہ اس دعویٰ کا سر کہیں ہے اور نہ پیر ہے کیو نکہ اُن کے پاس جو بھی جائیدا د ہے وہ اُنہیں اپنے اجداد سے وراثت میں ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ٹی وی نیوز چینل کے مدیر اعلیٰ ار نب گوسوامی نے اپنے پروگرام میں یہ دعویٰ کیا کہ غلام نبی سمجھی کے پاس اونتی پورہ میں ایک اسکول اور پہلگام میں ایک ہوٹل ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ دعویٰ سراسر بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے ۔غلام نبی سمجھی نے کہا کہ اُنکے پاس جو بھی جائیداد ہے وہ وراثت میں ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر مذکورہ چینل اپنے دعویٰ کو ثابت کرنے میں کامیاب ہوتی ہے ،تو وہ ہر جانہ دینے کیلئے بھی تیار ہیں ۔غلام نبی سمجھی نے کہا کہ اُن کے پاس 1984سے قبل کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ہے اور اس میں اضافہ ہونے کے بجائے کمی ہی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران انہوں نے زمین خریدی نہیں بلکہ فروخت کی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ انہوں نے اپنی وراثت میں ملی20کنال سے زیادہ زمین فروخت کی اور اسکے رقومات حاصل کرنا باقی ہے ۔غلام نبی سمجھی نے کہا کہ1984سے قبل وہ اسلام آباد کے سب سے بڑے ٹرانسپورٹر تھے اور اُنکے پاس اپنی ٹرکیں اور منی بسیں تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’ریپبلک نیوز چینل ‘ نے اُن پر جھوٹے الزامات لگا کر عوامی شبیہ کو نقصان پہنچایا اور اگر نیوز چینل کے مدیر ارنب گوسوامی نے معافی نہیں مانگی ،تو وہ عدالت کا در وازہ کھٹکھٹا نے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ بھارتی الیکٹرانک نیوز چینلیں نہ صرف کشمیر کے خلاف زہر اُگل رہی ہے بلکہ وہ کشمیر دشمنی کا کردار بھی کررہی ہیں۔ان کا کہناتھا کہ بھارتی الیکٹرانک میڈیا کا منفی پروپگنڈہ کشمیر دشمنی کی عکاس ہے۔