سرینگر //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کشمیر کے فن دستکاری کے تحفظ و ترقی پر زور دیتے ہوئے متعلقہ ایجنسیوں کو ہر ممکن قدم اُٹھانے کی ہدایت دی ۔وزیر اعلیٰ کل یہاں دستکاروں اور دستکاری مصنوعات کے ڈیلروں، پشمینہ بُنکروں، تانبے کی مصنوعات اور فر کی مصنوعات تیار کرنے والوں کے مختلف وفود سے تبادلہ خیال کر رہی تھیں۔ان وفود کی قیادت رکن قانون ساز کونسل خورشید عالم کر رہے تھے۔مقامی دستکاروں کو صدیوں سے دستکاری کے فن کو زندہ و جاوید رکھنے کے لئے سراہتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ دستکاری نے ریاست کو ملک اور دُنیا میں ایک مخصوص مقام عطا کیا ہے اور ان کی حکومت دستکار طبقہ کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔شہر سرینگر کے مختلف حصوں سے آئے دستکاروں نے انہیں درپیش مشکلات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے قرضہ جات کی ترتیب نو، دستکاری مصنوعات کے لئے مراعات او ر دیگر بہبودی اقدامات طلب کئے تا کہ کشمیر کی دستکاری صنعت کو محفوظ رکھ کر اگلی نسل تک پہنچایا جاسکے۔وفود کی مانگوں کے رد عمل میں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو مقررہ مدت کے اندر دستکاری شعبۂ کے تحفظ اور فروغ کے لئے امکانات کا جائیزہ لے کر تجاویز پیش کرنے کے لئے کہا۔اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری بھی موجود تھے۔