رام بن //ضلع میں جی ایس ٹی کی عمل آوری کے سلسلے میں مرکزی جوائنٹ سیکرٹری محکمہ صنعت و حرفت سدھانشو پانڈے نے آج یہاں اس سلسلے میں تاجروں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنررام بن طارق حسین گنائی نے میٹنگ کو ضلع میں جی ایس ٹی کی عمل آوری سے متعلق تفصیل دی ۔ میٹنگ میں ڈی سی کمرشیل ٹیکس ، ایس ایس پی رام بن موہن لال، اے ڈی سی انگریز سنگھ رانا، پی او ، اے سی آر، چیف پلاننگ افسرکے علاوہ رام بن، بانہال، گول اور بٹوت کے تاجر اور دیگران بھی موجود تھے۔ان علاقہ جات کے تاجروں نے اس موقعہ پر مختلف مسائل اُٹھائے جن میں سیس کی وصولیابی ، مقامی صنعت کو ٹیکس سے مبرا رکھنے، ٹول ٹیکس کو ختم کرنا اور دیگر معاملات شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر نے میٹنگ کو مطلع کیا کہ کمرشل ٹیکسز محکمہ نے ڈیلروں کو نئے ٹیکس نظام کے مختلف گوشوں کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے متعدد بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا ہے۔مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نے میٹنگ میں اُٹھائے گئے مسائل کو بغور سُنا اور تاجروں کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو اگلی جی ایس ٹی کونسل میٹنگ میں اُٹھایا جائے گا۔