سرینگر // لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک جنہیں 21جولائی کو ڈلگیٹ سے گرفتار کیا گیا تھا کو سرینگر سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ۔ گرفتاری کے فوراً بعد انہیں مشتاق اجمل اور غلام محمد ڈار کے ہمراہ سرینگر سینٹرل جیل شفٹ کردیا گیا تھا۔ انکی عدالتی تحویل میں رکھنے کے حکم کو انہوں نے پرنسپل سیشن جج سرینگر کی عدالت میں چیلنج کیا۔ فاضل جج نے یاسین ملک اور دوسرے گرفتار لوگوں کی فوری رہائی کے احکامات صادرکئے جس کے بعد اب انہیں سرینگر سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یاسین صاحب کو21 جولائی کے روز گرفتار کیا گیا تھا جب کہ وہ علیل ہی تھے۔ انہیں زیر حراست22 جولائی کو سرینگر کے ماڈرن ہسپتال لایا گیا جہاں معروف ہارٹ سرجن جناب ڈاکٹر انل بھان جی نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈاکٹر وں نے یاسین ملک کو اس حوالے سے سخت احتیاطی تدابیر برتنے اور مذید طبی معاینے کرانے کا بھی مشورہ دیا تھا لیکن اسیر ہونے کی وجہ سے ابھی تک ایسا ممکن نہیں ہوسکا ہے۔