بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر مال بردار ٹرکوں کے دو الگ الگ حادثات میں ایک ڈرائیور لقمہ اجل جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ پہلا حادثہ ناچلانہ پْل کے قریب جموں سے سرینگر کی طرف آنے والے ایک ٹرک نمبر DL01LP/9673 کو پیش آیا جس میں ٹرک میں سوار واحد ڈرائیور موقع پر ہی لقمہ اجل ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے یہ ٹرک شاہراہ سے نالہ میں لڑھکنے سے پہلے مخالف سمت سے آنے والی ایک کار نمبر JK-08E/7087 سے ٹکرایا اور سیدھے نالہ بشلری میں جاگرا۔ اس حادثے میں لقمہ اجل بنے ٹرک ڈرائیور کی شناخت اقبال احمد ولد گلاب حسین ساکنہ ڈی 93 جے جے کالونی دہلی کے طور کی گئی ہے جبکہ کار میں سوار ڈرائیور کی شناخت رنجیت سنگھ ولد دیسراج ساکنہ ہیرا نگر کے طور کی گئی ہے۔پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دوسرا حادثہ شاہراہ پر بعد دوپہر پولیس سٹیشن رامسو کے پاس جموں سے سرینگر انے والے ایک ٹرک کو پیش آیا اور اس میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ٹرک نمبر JK-03F/2367 شاہراہ سے لڑھک کر نیچے مکئی کے کھیتوں میں جاگرا۔ اس حادثے میں زخمی ہوئے دو میں سے ایک کی شناخت ڈرائیور عارف خان ولد محمد عاظم ساکنہ بْدھل ، راجوری کے طور کی گئی ہے اور دونوں زخمیوں کو رامسو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ دونوں حادثوں میں پولیس سٹیشن بانہال اور پولیس سٹیشن رامسو میں کیس درج کئے گئے ہیں۔