سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ ایمز پروجیکٹ پر جاری کام کاجائیزہ لیا۔ پرنسپل سیکرٹری ہوم، پرنسپل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹڑی، کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ، ڈویثرنل کمشنر جموں، کمشنر سیکرٹری ریونیو، سیکرٹری (ٹیکنیکل ) پی ڈی ڈی، ڈپٹی کمشنر سانبہ اور دیگر سنیئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔ریاست جموں وکشمیر میں2 ایمز جیسے اہم ادارے قائم کئے جارہے ہیں جن کیلئے جموں صوبہ کے سانبہ وجے پور اور کشمیر صوبہ کے اونتی پورہ پلوامہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا چونکہ ان پروجیکٹوں کے لئے اراضی کی حصولیابی بہت حد تک مکمل کی گئی ہے اب ان مقامات پر سڑک ، بجلی اور پانی کی دستیابی یقینی بنانی ہوگی تا کہ عمل آوری ایجنسی کو بغیر کسی مشکل کے یہ پروجیکٹ سونپے جاسکیں اور ان اداروں پر تعمیراتی کام شروع کیا جاسکے۔میٹنگ میں التواء میں پڑے اراضی کے معاملات، غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے اور سڑک، پانی اور بجلی کی فراہمی کے لئے ٹائم لائین مقرر کی گئی۔چیف سیکرٹری ان پروجیکٹوں کا جائیزہ رواں سال کے ماہ ستمبر میں لیں گے۔