سرینگر//این آئی اے چھاپوں، گرفتاریوں اورہلاکتوں کوناقابل قبول قراردیتے ہوئے مزاحمتی لیڈروںا ور کارکنوں نے مائسمہ میں نماز ظہر کے بعد پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔متحدہ مزاحمتی قائدین سیدعلی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اورمحمدیاسین ملک کی کال پرسنیچرکو مائسمہ میں ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں حریت کے دونوں دھڑوں اور لبریشن فرنٹ کے لیڈروں و کارکنوں نے حصہ لیا۔ نورمحمد کلوال، معراج الدین ربانی، انجینئرہلال احمد وار، شیخ عبدالرشید، مشتاق احمدصوفی، محمد یعقوب مسعودی، محمدشفیع خان، سید امتیاز حیدر، مختار احمد صوفی، سراج الدین میر، ظہور احمد بٹ، غلام قادر بیگ، ایڈوکیٹ یاسر دلال، فاروق احمد سوداگر، بشیر احمد کشمیری، محمد صدیق شاہ، پروفیسر جاوید، غازی جاوید، عمران احمد بٹ، محمد حنیف، سجاد احمد بٹ، محمد رفیق اویس، مدثر ندوی اور امتیاز احمد شاہ کی قیادت میں ہوئے اس احتجاج میں شامل افرادنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اُٹھارکھے تھے ،جن پر’’این آئی اے ،ای ڈی کی زیرحراست لیڈروں اورکارکنوں کورہا کرئو ،ہمارے لیڈروں کوہراساں مت کرئو،ہلاکتیں بندکرئو‘‘جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے جبکہ احتجاجی لوگوں نے زبانی بھی یہی نعرے بلندکئے ۔اس دوران آزادی کے حق میں اورظالمانہ کارروائیوں کیخلاف بھی نعرے بازی ہوئی ۔ نورمحمدکلوال ،محمد یعقوب مسعودی اورشیخ عبدالرشید نے کہاکہ بھارت نے اپنی لاکھوں افواج اوراپنے ایجنٹوں کے ذریعے کشمیرمیں ظلم وتشدداورخوف وہراس پھیلانے کاجوسلسلہ چھیڑرکھاہے ،اُس کامقصدکشمیری عوام کو بزور طاقت جدو جہدسے دستبردار ہونے پر مجبور کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئے دنوں معصوم نوجوانوں کوجاںبحق کیا جاتا ہے اور کشمیری عوام کی مالی ومعاشی حالت کوتباہ کرنے کیلئے جی ایس ٹی جیسے حربے آزمائے جارہے ہیں ۔انہوں نے واضح کیاکہ کوئی بھی ظلم اب کشمیری عوام اورقیادت کوجائزمقصدحاصل کرنے سے روک نہیں سکے گا،اوربھارت سرکارکویہ بات ذہن نشین رکھناہوگی کہ آج نہیں توکل اسکوجموں وکشمیرپراپناقبضہ ختم کرناہی پڑے گا۔ مائسمہ احتجاجی مظاہرے میں شامل لیڈروں نے کہا کہ ایک جانب کشمیری معصومین کا خون بے دریغ بہایا جارہا ہے اور بدترین نسل کشی جاری ہے اور دوسری جانب اس قتل و غارت گری اور نہتے جوانوں کو بے دردی کے ساتھ تہہ تیغ کرنے کے جر ائم کو عالمی برادری اور اپنے لوگوں سے چھپانے اور ان کی توجہ اس سے ہٹانے کیلئے این آئی اے کا شور و غوغا اُٹھایا جارہا ہے۔