سرینگر //لکھری پورہ نوشہرہ سے لال بازار جاننے والی اندرونی سڑک پر متعدد مقامات پر غیرقانونی تجاوزات کے نتیجے 20فٹ چوڑی سڑک کو 10فٹ کوچے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خود غرض عناصر نے سڑک پر کئی مقامات پر غیر قانونی طور پر قبضہ جمایا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ لکھری پورہ سے لال بازار جانے والی سڑک سے اب گاڑیوں کا گزرنا مشکل بن گیا ہے جبکہ مذکورہ سڑک پر کئی حادثات بھی پیش آئے ہیں۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لال بازار سے لکھری پورہ اور لکھری پورہ سے صورہ جاننے والی سڑک کی کشادگی کے اقدامات کئے جائیں۔ لکری پورہ سے تعلق رکھنے والے ظہیب میر کاکہنا ہے ’’ مذکورہ سڑک پر چند سال قبل تک دونوں اطراف سے ٹریفک چل رہا تھا اور صورہ سے لال بازار سے حضرتبل جانے والی گاڑیاں اسی راستے سے حضرتبل اور واپسی پر صورہ جاتیں تھیں تاہم چند خود غرض عناصر کی جانب سے لھکری پورہ سے لال بازار تک کے 200فٹ راستے پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرکے دیوار بندی نے 20فٹ چوڑی سڑک کو 10فٹ کے کوچے میں تبدیل کردیا ہے۔ لکھری پورہ کے ہی رہنے والے علی محمد نے بتایا کہ لکھری پورہ چوک سے لال بازار تک کی سڑک پر کئی مقامات پر غیر قانونی قبضہ کرکے دیوار بندی کی گئی ہے جبکہ کئی مقامات پر غیر قانونی تجازوات بھی کھڑی کی گئی ہے۔ علی محمد میر نے بتایا کہ مذکورہ سڑک میں کئی مقامات پر بڑے کھڈ پیدا ہوگئے ہیں جو بارش کی صورت میں گاڑیوں اور موٹر سائکل سواروں کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ علی محمد میر نے کہاکہ کئی مقامات پر ان کھڈوں میں بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ لکھری پورہ کے لوگوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ سڑک کی کشادگی اور غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کا انتظام کرکے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کریں۔