سرینگر //وائس چیئرمین ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نظام الدین بٹ نے کہا ہے کہ ہینڈ لوم شعبۂ کی پائیدار ترقی کے لئے ایک موثر حکم عملی مرتب کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔اس بات کا اظہار وائس چیئرمین نے نیشنل ہینڈ لوم ڈے کے موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر قومی مارکیٹ میں ہینڈ لوم اور دستکاری میں کم صلاحیت رکھنے والی ریاستوں سے مقابلہ آرائی میں پیچھے ہیں اور ہیری ٹیج مصنوعات کی تیاری بھی تیزی سے تنزل کا شکار ہورہی ہے جو ماضی قریب میں عالمی سطح پراہم مقام پر تھی۔انہوں نے کہا کارپوریشن کا اہم کردار ہینڈ لوم مصنوعات کی ترقی اور دستکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے ۔تا ہم یہ ادارہ پر فی الوقت دیگر ذمہ داریوں کا کافی بوجھ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کی وزارت ٹیکسٹائلز ریاست کے ہینڈ لوم شعبۂ کو ایک بار پھر فعال بنا کر اسے پٹری پر لانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کارپوریشن کو بُنکروں کو درپیش مسائل، خام مال کی دستیابی اور بنیادی ڈھانچے میں توسیع جیسی مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے دستیاب وسائل کے معقول و مناسب استعمال کے لئے ملازمین سے تعاون طلب کیا تا کہ اس تاریخی صنعت کی پائیدار ترقی یقینی بن سکے۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے بھی اس صنعت کو تعاون دینے کی استدعا کی۔ انہوں نے بنکروں کی سکل ڈیولپمنٹ اور ہینڈ لوم شعبۂ میں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر و توسیع کے لئے بھی ان حکومتوں سے مدد کی اپیل کی۔بٹ نے کہا کہ جموں وکشمیر ہینڈ لوم کارپوریشن اور انتظامی محکمہ کو بنکروں اور ملازمین کی حالت زندگی بہتر بنانے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔