سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے بابا ڈیمب و دیگر علاقہ جات کا تفصیلی دورہ کیااور وہاں براری نمبل پر جاری ترقیاتی کام کاجائزہ لیا۔ وزیر کے ہمراہ ایل سی محمد خورشید عالم ، کمشنر سیکرٹری مکانات ہردیش کمار ، ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون ، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹرشفقت خان، وی سی لائوڈا ڈاکٹر عبدالحافظ شاہ ، اے ڈی سیز پورنما متل ، کلکٹر سجاد قادری ، آراینڈ بی اور ڈرنیج کے سپرا نٹنڈنٹ انجینئر تھے۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ براری نمبل لیگون کی خوبصورتی کو از سر نو واپس لانے کے لئے اے ایم آر یو ٹی کے تحت شہر سرینگر کے لئے سٹیٹ اینول ایکشن پلان کو منظور کیا گیا ہے ، جس پر 16کروڑ 91لاکھ روپے صرف ہوں گے ۔افسروں کو کام میں سرعت لانے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس لیگون کو پھر سے زندہ کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ترجیح دی ہے ۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے وی سی ایل اے ڈبلیو ڈی اے کو ہدایت دی کہ وہ 60 کنال اراضی کا انڈنٹ کلکٹر کے سامنے رکھے جو سیکشن 4 کے تحت مالکانہ اراضی کی حصولیابی کے لئے نوٹس جاری کریں گے ۔ اس موقعہ پر کئی مقامی وفود وزیر سے ملے اور اپنے درپیش مسائل کے بارے میں اُنہیں مطلع کیا۔ بعد میں سید الطاف بخاری نے سنگرمال سینٹر کا دورہ کیاجہاں اُنہیں ڈرنیج کے معاملات کے بارے میں مطلع کیا گیا ۔ وزیر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس مسئلہ کا حل نکالیں۔