سرینگر// فوج نے محاصروں اور تلاشیوں کے آپریشنوں کا دائرہ بڑھاتے ہوئے بڈگام اور جنوبی کشمیرمیں کئی علاقوں میں کریک ڈائون کیا جبکہ کیموہ میں تلاشیوں کے دوران سنگبازی و ٹیر گیس شلنگ کے علاوہ ہوائی فائرنگ ہوئی۔وسطی ضلع بڈگام کے رٹھسونہ علاقے میں بدھ کو فوج اور فورسز نے محاصرہ کر کے تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا۔مقامی لوگوں کے مطابق اس دوران کئی مکانوں کی تلاشیاں بھی لی گئی،تاہم بعد میںفوج کا یہ آپریشن پرامن طور پر ختم ہوا۔ادھر جنوبی کشمیر میں فوج اور فورسز کی طرف سے کریک دائون کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا۔نامہ نگار خالد جاوید کے مطابق کیموہ کے مقدم پورہ علاقے میں فوج نمودار ہوئی اور محاصرہ کر کے تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا۔مقامی لوگوں کے مطابق تاہم نوجوانوں نے مخاصمت کی اور اس دران فورسز پر سنگبازی بھی کی گئی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ محاصرے کے دوران ہی سنگبازی وجوابی سنگبازی کے دوران فورسز نے ٹیر گیس کے گولے بھی داغے جبکہ سنگبازی میں جب شدت پیدا ہوئی تو فورسز نے ہوا میں گولیوں کے کئی رائونڈ بھی چلائے۔بعد میں فورسز اہلکار اور فوج قریب ایک گھنٹے کے بعد بستی سے چلی گئی اور کسی بھی شخص کے گرفتاری کی کوئی بھی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔مقامی لوگوں نے فورسز پر تشدد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مقامی دوکاندار معراج الدین کے دکان کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔