سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پانپور وُوین میں انڈسٹریل اسٹیٹ کا سنگ بنیاد رکھا جسے سیکاپ29.31 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کررہا ہے۔ انڈسٹریل اسٹیٹ272 کنال اراضی پر قائم کیا جارہا ہے ۔ اسٹیٹ149 پلاٹوں پر مشتمل ہوگا اور وہاںتعمیر کئے جارہے وسیع تر انسٹی چیوشنل ایریا کا ایک حصہ ہوگا۔ انڈسٹریل ایریا کے قیام کا مقصدنوجوان انٹر پرنیوروں کو تیار کردہ مصنوعات کے لئے سنگل وِنڈومارکیٹنگ سہولیت دستیاب رکھنے کے لئے عمل میں لانا ہے۔ اس موقعہ پر تاجر طبقہ کے نمائندے وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوئے اور ان کا اس انڈسٹریل یونٹ کے قیام کے لئے این او سی جاری کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کا ریاست میں لینڈ بنک قائم کرنے کی ہدایت جاری کرنے کو بھی سراہا۔ مقامی اوقاف کمیٹی کا ایک وفد نے وزیر اعلیٰ سے اس موقعہ پر ملاقی ہوا اور نزدیکی زمین کے حصے کو کھیل میدان کے طور پر ترقی دینے اور مقامی طبی مرکز کی توسیع کی مانگ کی۔ محبوبہ مفتی نے جدید سہولیات سے لیس پانپور جوائنری ملز کا بھی افتتاح کیا جس کی تعمیر و ترقی پر مجموعی طور8.50 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔جدید کاری پروجیکٹ کے تحت جوائنری مل میں جدید ترین مشینیں نصب کی گئی ہیں تا کہ مل کی تیار کردہ مصنوعات کی کوالٹی اور تعداد میں بہتری لائی جاسکے جس سے مل کے سالانہ منافع میں کافی اضافہ ہونے کی توقع ہے۔یہ جدید کاری پروجیکٹ 18 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے جوائنری مل کے مختلف یونٹوں کا معائنہ کیا اور ایک شوم روم کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے شو روم میں نمائش کے لئے رکھی گئی لکڑی کی مصنوعات میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ وزیر اعلیٰ سے ادارہ کے ملازمین پر مشتمل وفود بھی ملے۔ انہوں نے ان وفود سے کام سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ وزیر برائے صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا، وزیر مملکت برائے صنعت و حرفت سید فاروق اندرابی، وزیر مملکت برائے جنگلات میر ظہور احمد، وائس چیئرمین جے کے منرلز،کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت، ڈویثرنل کمشنر کشمیر، مختلف محکموں اور کارپوریشنوں کے سربراہاں و ضلع انتظامیہ کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔