محبوبہ کی دِلی میں دستک

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
نئی دہلی // وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سپریم کورٹ کی جانب سے دفعہ35اے کی منسوخی کے زیر سماعت معاملے پر شش و پنج میں مبتلا ہوگئی ہیں اور  انہوں نے چند روز قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ کیساتھ ملاقات کرنے کے بعد اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے لیڈروں سے صلح مشورہ کیا۔جمعرات کی صبح انہوں نے ریاستی گورنر کیساتھ اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا جس کے بعد وہ نئی دہلی روانہ ہوئی جہاں انہوں نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کیساتھ بات چیت کی۔ محبوبہ مفتی جمعہ کو وزیر اعظم کیساتھ ملاقات کرنے والی ہیں۔راجناتھ سنگھ کیساتھ محبوبہ مفتی کی 45منٹ تک بات چیت ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ نے انہیں دفعہ35Aکی منسوخی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا اور اس معاملے میں انکی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی۔سرکاری طور پر اس ملاقات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔وزیر اعلیٰ ممکنہ طور پر آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملنے والی ہیں۔اسکے بعد وہ صدر جمہوریہ  سے بھی ملاقات کریں گی۔یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ محبوبہ مفتی کانگریس اور جنتا دل اور دائیں بازو کی جماعتوں سے ملاقات کریں گی یا نہیں۔وزیر اعلیٰ اس بات کی کوشش میں ہیں کہ اس معاملے پر ملکی سطح پر ایک یکساں سوچ قائم کی جائے تاکہ اس قانون کی منسوخی کو کسی طرح روکا جاسکے۔ڈاکٹر فاروق نے پہلے ہی انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ وزیر اعظم اور بھاجپا کی دیگر لیڈر شپ کیساتھ اس معاملے پر ملیں گے۔پی ڈی پی کا کہنا ہے کہ اگر اس دفعہ کو کتم کیا گیا تو یہ  مین سٹریم جماعتوں کیلئے سونامی ہوگی کیونکہ آئین میں دی گئی خصوصی پوزیشن ہی انکی اصلی سیاست ہے۔دریں اثناء نئی دلی جانے سے قبل محبوبہ مفتی راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوئیں اور انہیں آئین ہند کی دفعہ 35-A  کو درپیش خطرے سے متعلق اُن کی پارٹی کے خیالات اور ریاست کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ اس ضمن میں تبادلہ خیال سے متعلق تفصیل دی۔گورنر اور وزیر اعلیٰ نے متعدد دیگر اہم معاملات بشمول ریاست میں جاری دہشت گردانہ مخالف کاروائیوں، امن عامہ کا قیام، جی ایس ٹی کی موثر عمل آوری ، وادی میں سیاحوں کی آمد کی موجودہ رفتار، اہم ترقیاتی سکیموں اور پروجیکٹوں کی عمل آوری ا ور یونیورسٹیوں کے کام کاج پر بھی غور وخوض کیا۔گورنر نے محبوبہ مفتی کے ساتھ جھیل ڈل کے موجودہ بصری پہلؤ کی ابتر صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنچائتوں اور بلدیاتی اداروں کے بروقت انتخاب کے لئے شیڈول مقرر کرنے سے متعلق معاملات زیر بحث لائے۔گورنر جو کہ شری امر ناتھ شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے وزیر اعلیٰ کا امسال کی یاترا کے کامیاب انعقاد پر ریاستی انتظامیہ کی بھرپور معاونت بہم رکھنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *