این آئی اے پانچ کیسوں کی تحقیقات کررہی ہے:اہیر

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
نئی دہلی //مرکزی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وادی میں سرگرم بعض کلیدی علیحدگی پسند لیڈران پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں جنگجو لیڈران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ، انہیں ریاست میں گڑ بڑ پھیلانے کیلئے سرحد پار سے رقومات بھیجی جاتی ہیں اور اس سلسلے میں این آئی اے نے5الگ الگ کیس درج کئے ہیں۔ راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت ہنس راج گنگا رام اہیر نے بتایا کہ وزارت داخلہ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق پڑوسی ملک(پاکستان) میں مقیم تفرقہ ڈالنے والے عناصر اور وادی میں سرگرم علیحدگی پسندوں کے درمیان باضابطہ ساز باز ہے ۔انہوں نے مزید کہا’’کچھ کلیدی علیحدگی پسند لیڈران پاکستان اور اس کے زیر قبضہ کشمیر میں موجود ملی ٹینٹ لیڈروں کے ساتھ رابطے میں ہیں،یہ لوگ جموں کشمیر میں منفی سرگرمیاں انجام دینے کیلئے نہ صرف پاکستان کے سرکاری عناصر سے ہدایات لیتے ہیں بلکہ ایسا کرنے کیلئے ان کی مالی معاونت بھی کی جاتی ہے‘‘۔ہنس راج اہیر نے ایوان کو بتایاکہ ایسے عناصر کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا’’پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر غیر قانونی سرگرمیوں سے نمٹنے کیلئے باضابطہ طور ایک ادارہ جاتی نظام موجود ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے رقومات کی فراہمی اور جعلی کرنسی پر قابو پانے اور ایسے معاملات کی تحقیقات کیلئے یک علیحدہ سیل قائم کی ہے۔ہنس راج اہیر نے بتایا کہ جموں کشمیر میں جنگجوئوں اور علیحدگی پسندوں کی فنڈنگ کے بارے میں این آئی اے کی طرف سے5الگ الگ کیس درج کئے گئے ہیں جن کی چھان بین ابھی جاری ہے۔
 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *