سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران شہر سرینگر کے ارد گرد سمی رنگ روڈ پروجیکٹ کے لئے حصو ل اراضی معاملات کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل کمشنرکشمیر،ترقیاتی کمشنرسرینگر،ایس ای آر اینڈ بی،پروجیکٹ ڈائریکٹر پروجیکٹ ایمپلیمنٹیشن یونٹ این ایچ اے آئی،کلکٹر حصول اراضی پی ڈبلیو ڈی ،اسسٹنٹ کمشنر اورڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔جب کہ پلوامہ،بڈگام،بارہمولہ اورگاندربل اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں سمی رنگ روڈ پروجیکٹ کے خدوخال کو اجاگر کیا گیا۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں کو 15یوم کے اندرا ندر حصول اراضی معاملات نمٹانے کی ہدایت دی تاکہ پروجیکٹ کا ابتدائی کام شروع کیا جاسکے۔انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کو لازمی فنڈس متعلقہ ترقیاتی کمشنروں کے پاس جمع کردینے کی ہدایت دی تاکہ زمین مالکان کو معاوضے کی رقم ادا کی جاسکے۔صوبائی کمشنر نے این ایچ اے آئی کے آفیسران پر ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا تاکہ پروجیکٹ میں حائل رکائوٹوں کو دور کیا جاسکے اوراس اہم پروجیکٹ کی تعمیر کا کام ہاتھ میںلیاجاسکے۔