میر ظہور کا سی سی ایم سرینگر کا معائینہ ، ادارے کی جدید کاری پر زور
سرینگر//وزیر مملکت جنگلات و ماحولیات ، امدا دباہمی میر ظہور احمد نے سینٹر فار کارپوریٹیوز منیجمنٹ سرینگر کا دور ہ کرکے وہاں جاری کام کاج اور فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری کواپریٹیوز اور پرنسپل سی سی ایم نے وزیر ادارے کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل دی ۔انہوں نے وزیر کو مطلع کیا کہ مرکز میں کواپریٹیوز منیجمنٹ میں ڈپلوما کے لئے تربیت کی فراہمی کے لئے چار نشستوں کی صلاحیت موجود ہیں اور فی الوقت 30ٹرنیز کو تربیت دی جارہی ہے۔انہیں بتایاگیا کہ مرکزفی الوقت کرایہ کی عمارت میں ہے ۔ وزیر نے ادارے میںٹرنیزسے بھی تبادلہ خیال کیا جنہوں نے اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ ٹرنیز نے کواپریٹیوز اور اس سے متعلقہ محکموں کے بھرتی قواعد کے بنیادی اہلیت میں ڈپلوما کو شامل کرنے ،ٹریننگ کورس کے دوران ٹرنیز کے حق میں مشاہرے کی ادائیگی، ریاست میں امداد باہمی تحریک کی ترتیب نو اور بیرون ریاست مختلف کواپریٹیوسو سائٹیز کے لئے مطالعاتی دوروں کے انعقاد کی مانگیں پیش کیں۔وزیر نے انہیں بغور سنا اور یقین دلایا کہ ان کی جائز مانگوں پر غور کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ امدا د باہمی کے بھرتی قواعد و ضوابط کے ترمیم شدہ مسودے کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔میر ظہور نے ٹرنیز کے لئے بیرون ریاست مطالعاتی دوروں کے انعقاد کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مطالعاتی دورے ٹرنیز کے لئے ضروری ہے کیونکہ ان کی صلاحیتوں اور ہنر میںنکھار پیدا ہوگا۔ٹرنیز کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیرنے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں موجودہ حکومت ریاست میں امداد باہمی تحریک کی بحالی کے لئے پُرعزم ہے ۔انہوںنے سی سی ایم کی جدیدکاری اور اس کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع پر زور دیا تاکہ ادارہ بلا رُکاوٹ اپنا کام کاج کر سکے۔ بعد میں وزیر نے امداد باہمی محکمہ کے لئے آلوچی باغ سرینگر میں زمین کا معائینہ کیا جہاں محکمہ اپنے تجارتی املاک قائم کررہاہے۔اس موقعہ پر وزیر نے سیکرٹری امداد باہمی کو جدید سہولیت سے آراستہ عمارتی بنیادی ڈھانچے کے قیام کے لئے جامع منصوبہ تیار کرکے متعلقہ حکام کو لازمی رقومات کی فراہمی کے لئے پیش کرنے کے لئے کہا۔