سرینگر //شدت کی گرمی کے باوجود شہر کے اکثر علاقوں میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اگرچہ اس سلسلے میں کئی مرتبہ محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام سے رابطہ قائم کیا لیکن پانی کی بحالی کے حوالے سے کوئی بھی سنجیدہ اقدمات نہیں کئے جا رہے ہیں جس کے سبب لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ شہر کے جے کالونی چھانہ پورہ،راولپورہ ، باغ مہتاب ، گلشن نگر ، اولڈ برزلہ ، شنکر پورہ ، بی کے پورا کے علاوہ شہر کے اکثر علاقوںکے لوگ شکایت کر رہے ہیں کہ وہ پانی کی بوندھ بوندھ کیلئے ترس رہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وقت شدید گرمی پڑ رہی ہے اور انہیں نہانے کیلئے تو دور کی بات پینے کیلئے بھی پانی نہیں مل رہا ہے۔ لوگوں کے مطابق وہ یا تو گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں یا پھر مہنگے داموں بوتل بند پانی خریدنے پر مجبور ہیں ۔لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقدمات کئے جائیں تاکہ گرمی کے اس موسم میں پانی کے حوالے سے انہیں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔