سرینگر//حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ کے 435ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریب وادی میں عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ اِس سلسلے میں بڑی تقریب آستان عالیہ واقع محلہ ایشان زینہ کدل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے نمازِ جمعہ سے قبل کہا کہ حضرت صرفیؒ کی بدولت ملک کشمیرعلم حدیث سے منور ہوا۔مولانا ہمدانی نے حضرت صرفیؒ کے تاریخ ساز اسلامی خدمات، روحانی کمالات پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بزرگان دین، صوفیان کرام نے ہمیں قرآن اور حدیث کی روشنی میں تعلیم دی اور اہل کشمیر کو اسلام کے نور سے منور کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت ایشان ؒنے ایک بہت بڑاکتب خانہ قایم کیا جس میں65000 دینی تصانیف موجود تھیں ۔اِس موقعہ پر وادی میں موجودہ پُرآشوب دور میں شہید ہوئے عام شہریوں کو خراج عقیدت اور بلند درجات کیلئے کلمات ادا ئے اور عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا اور کشمیری عوام کی آزادی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اہل ریاست خصوصاً مسلمانانِ ریاست کو دفعہ35Aکے کیخلاف ہورہی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے متحد رہنے کی اپیل کی۔