سرینگر// انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے حالیہ چھاپہ مار کاروائی کو الیکٹرانک میڈیا کی طرف سے غلط رنگ اور پیرائیوں میں پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے’ایسو سی ایشن آف حج اینڈ عمرہ کمپنیز‘ نے واضح کیا کہ این آئی ائے کے ساتھ اس واقع کا کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔سرینگر میں ایسو سی ایشن کے چیئرمین عبدالرشید میر نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کو واضح کیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جو معائنہ کیا گیا ،اس کا قومی تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے حالیہ چھاپہ مار کاروائی کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اصل میں ایک کمپنی کے ایکسپورٹ کاروبار سے متعلق کاغذات کی جانچ کی،جس کا کسی حج کمپنی کے ساتھ کوئی واسطہ نہیں ہے۔میر نے کہا کہ چونکہ دونوں کمپنیوں کاڈائریکٹر ایک ہی شخص ہے،اس لئے الیکٹرانک میڈیا نے اس کو غلط رنگ میں پیش کیااور حج و عمرہ سروس کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے مرکزی اور ریاستی سرکار کو اس معاملے میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست اور مرکزی حکومتیں ان ٹی وی چینلوں کو جوابدہ بنائیں،جو بنیادی حقائق کو نظر انداز کرتی ہیں۔