اوڑی +مینڈھر// اوڑی میں پاکستانی فائرنگ و گولہ باری سے 3فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ادھرمینڈھر کے سرحدی علاقہ منکوٹ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں اتوار کی صبح ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ اتوار کی سہ پہر اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر باز سب سیکٹر پاکستان کی طرف سے شدید فائرنگ کی گئی جس کے بعد طرفین کے مابین ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جس میں20سکھ ریجمنٹ سے وابستہ تین اہلکار سپاہی بلوندر سنگھ، سپاہی کلویندر سنگھ اور سپاہی گروجن سنگھ زخمی ہوئے جنہیں سرینگر منتقل کیا گیا۔ادھر منکوٹ سیکٹر مینڈھر میںپاکستانی افواج نے اتوار کی صبح ساڑھے آٹھ بجے سے گیارہ بجے تک جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زور دار فائرنگ کی جس سے علاقہ گونج اٹھا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مینڈھر سیکٹر میں ایک فوجی افسر اور ایک خاتون لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہواتھا۔ذرائع نے بتایاکہ اتوار کوہوئی فائرنگ اور گولہ باری سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔