سرینگر//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم، کھیل کود اورامور نوجوان کے وزیر عمران رضاانصاری نے سلطان پورہ پٹن میں 11کروڑ 37لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پُل کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقعہ پر نعیم اخترنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پُل بانڈی پورہ کے حلقہ انتخاب سونا واری کے ساتھ پٹن کو جوڑنے میں بہت کار آمد ثابت ہوگااور یہ مقامی لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ پُل جو 200میٹر لمبا فیروز پور نالے کے اوپر تعمیر کیا جارہا ہے ، پورے خطے میں اقتصادی خوشحالی کا ضامن ہوگا۔نعیم اختر نے کہا کہ اس پُل کے بن جانے سے یہ سڑک سیدھی بانڈی پورہ سڑک کے ساتھ مل جائے گی او رپھر سرینگر کے ساتھ ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک پر کام مکمل ہوجانے کے بعد سلطان پورہ سے سرینگر تک کاسفر 30 منٹ کا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اس پُل سے میوہ صنعت کو بھی فروغ ملے گا ۔ وزیر نے اعلان کیا کہ اس پُل کو مولوی افتخار میموریل برج کا نام دیا جائے گا کیونکہ اس پُل کوتعمیر کرنا اُسی مرحوم لیڈر کا خواب تھا۔ وزیر عمران رضا انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں کو ترقی کے نام پرکئی برسوں تک سبز خواب دکھائے جارہے تھے لیکن اب تمام اعلان شدہ پروجیکٹوں کو پایۂ تکمیل تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔انصاری نے مزید کہا کہ سلطان پورہ میں کھیل کود کو بڑھاوا دینے کے لئے ایک سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ دیگر تمام مسائل بشمول پینے کا صاف پانی ، بجلی بھی بہت جلد حل کیا جائے گا۔ایم ایل اے جڈی بل عابد انصاری، ایم ایل سی یاسر ریشی ، چیف انجینئر تعمیرات عامہ کے علاوہ کئی متعلقہ افسران وزراء کے ہمراہ تھے۔