مسلم اکثریتی تشخص کو سنگین خطرات لاحق:آغا حسن
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے شالنہ پانپور میں منعقدہ سالانہ مجلس حسینیؑ کے دوران کہاکہ کشمیری حریت پسند قوم کے جذبہ حریت و مزاحمت کے آگے بے بس ہوکر اب بھارت تنازعہ کشمیر کے قانونی شواہد مٹانے اور ریاست جموں و کشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو ختم کرنے کی گھناونی سازشوں پر عمل پیرا ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ میں دفعہ 35A کی منسوخی کیلئے دائر کی گئی عرضداشت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 35A ااور دفعہ 370 ریاست کی خصوصی پوزیشن کا مظہر ہونے کے ساتھ ساتھ آئین ہند میں تنازعہ کشمیر کے قانونی شواہد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آغا حسن نے کہا کہ تاریخ کے اس نازک موڑ پر ریاست کے محفوظ مستقبل کیلئے یہاں کی تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے مستقل حل تک مذکورہ دفعات کی حفاظت ریاست کی ہر اُس سیاسی جماعت کی منصبی ذمہ داری ہے جو یہاں کے عوام کی نمایندگی کا دعویٰ کرتی ہے۔
کشمیر کی سا لمیت کا ہر حال میں دفاع ہوگا:حامی
سرینگر//کارروان اسلامی کے سربراہ مولانا غلام رسول حامی نے کہاہے کہ جموں کشمیر میں جس طریقے سے آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے یہ درا صل اس وقت شروع کیا گیا جب انسان دشمن عناصر نے جموں کشمیر کو حاصل خصوصی اختیارات کوسلب کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ریاست جموں کشمیر کو حاصل خصوصی اختیارات کو آہستہ آہستہ کم کیا گیا وہی پر بچی کچی خود مختاری کو سلب کرنے کی کوششوں کا آغاز اب شروع کیا گیا ہے جو کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند نیوز چینلوں کے ذریعے عوام الناس کو35-A قانون کے بارے میں غلط تاثر دینے کی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے جو کہ اصل حقائق سے بعید ہے۔ دراصل 35A قانون کو راشٹر پتی نے نہیں بنایا بلکہ 1927 سے ہی یہ قانون ریاست میں موجود تھا جس کو آئین ہند یا صدارتی ترمیم سے جوڑنا حقائق پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے اس قانون کے چھیڑ چھاڑ سے جہاں ریاستی تشخص خطرے میں پڑ سکتا ہے وہیں ریاست کے سٹیٹ سبجیکٹ کو بنیادی طور مٹانے کے مساوی ہے۔ امیر کاروان نے کہا کہ شراب ومنشیا ت کے لت میں ایک منظم سازش کے تحت نوجوانو ں کو دھکیلا جا رہا ہے تاکہ وہ مستقبل میں اچھے اور برے ، سچ اور جھوٹ و حق اور باطل میں تمیز نہ کر سکیں۔
بھارت کی آزادی کیخلاف نہیں لیکن
تعلیمی سیکٹرمیں نئی روح پھونکنے کی تیاری
ماہرین ویژن دستاویز تیار کر نے میں مصروف
سرینگر//ریاست جموں وکشمیر میں تعلیمی سیکٹر میں نئی روح پھونکنے کے لئے ریاستی حکومت نے ماہرین کے ایک گروپ کو ہنر ، درس و تدریس ، تحقیق اور جدت میں مداخلت کے لئے ایک ویژن دستاویز تیار کرنے کیلئے کہا ہے جو عالمی سطح پر اعلیٰ طریقوں اور روایتی اقدار کو مد نظر رکھ کر بنایا جائے گا۔ یہ گروپ ایک معیاد بند رِپورٹ 12 مہینوں کے اندر تیار کر ے گا، جسے وزیر اعلیٰ کے سامنے مزید کارروائی کے لئے پیش کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ کے صلاحکار امیتابھ مٹو کو اس گروپ کا چیئرمین جبکہ وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری اس گروپ کے کو۔چیئرمین ہیں۔ فائنانشل کمشنر ( کواڈنیشن )ریذیڈنٹ کمشنر ، جے اینڈ کے گورنمنٹ ،کے بی اگروال اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل اس گروپ کے ممبر ہیں ۔ ورکنگ گروپ انفارمیشن کمیونکیشن ٹیکنالوجی کے لئے ایک بلو پرنٹ تیار کرے گا۔ گروپ ریاست میں نالج ٹاون شِپ کی تخلیق کا بلو پرنٹ بھی تیار کرے گاجو ریاست کے طلبہ کو عالمی سطح پر مقابلہ جاتی پروگراموں میں حصہ لینے کے لئے تیار کرے گا اور جہاں ایک ہی جغرافیائی محل وقوع کے اندر تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ زندگی میں کام آنے والی تربیت بھی فراہم کی جائے گی ۔ الطاف بخاری نے کہا کہ گروپ حکومت کو جموں وکشمیر میں تعلیمی منظر نامے میں بہتری لانے کے لئے قلیل مدتی اور طویل مدتی تجاویز فراہم کرے گا۔
کمشنر سیکرٹری اے ایس ایچ
نے ہاری پربت پولٹری پروجیکٹ کا دورہ کیا
سرینگر//کمشنر سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ، آر کے بھگت نے متعلقہ محکمہ کو ہاری پربت میں فیڈ مِل اور ہیچری قائم کرنے کے لئے ڈی پی آر تیار کرنے اور اُسے حکومت کو جلد پیش کرنے کی ہدایت دی۔یہ ہدایات کمشنر سیکرٹری نے پولٹری پروجیکٹ ہاری پربت کے دورے کے دوران دیں ۔ ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری نے کمشنر سیکرٹری کو محکمہ کی کارکردگی کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ پروجیکٹ کی بدولت اب تک 1.04 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔کمشنر نے فیڈ مِل کا بھی انسپکشن کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ سال 2016-17 کے دوران 6400 کونٹل فیڈ اس مِل میں تیار کر کے کسانوں میں تقسیم کیا گیا ۔کمشنر سیکرٹری کو یہ بھی بتایا گیا کہ محکمہ پرائیویٹ فرموں کو No profit no loss کے طریقے پر ادویات اور آلات فراہم کررہا ہے ۔ محکمہ انڈے تیار کرنے والوں کو تربیت بھی فراہم کرتا ہے۔بعدمیں کمشنر نے زکورہ میں انسٹی آف اینمل ہیلتھ اینڈ بیو لاجیکل پروڈکٹس کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ادارے کے افسران سے کہا کہ وہ ادارے میں ایک لیبارٹری قائم کرنے کے لئے ڈی پی آر تیار کریں۔
وزیر اعلیٰ نے مہلوک اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا
سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے دو فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے جو آونیورہ شوپیاں میں ایک تصادم کے دوران ہلاک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ سوگوار کنبوں کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔
سیموہ ترال میں ریچھ کا حملہ ،شہری زخمی،سرینگر منتقل
ترال//سید اعجاز؍؍سیموہ ترال میں ریچھ نے دن دہاڑے گلزار احمد بٹ ولد محمد سلطان پر گھر کے قریب کھیت میں حملہ کر کے اسے بری طرح زخمی کر دیا ۔ خون میں لت پت شہری کو اگر چہ فوری طور ترال ہسپتال پہنچایا گیا تھا تاہم شہری کے سر میں گہرے زخموں کی وجہ سے اسے سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔
گیلانی کااظہار تعزیت
سرینگر//حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے تحریک حریت کارکن محمد شعبان میر براٹھ کلان سوپور کی وفات پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دُعا کی۔ درایں اثناء تحریک حریت ذمہ داران شاہ ولی محمد اور نذیر احمد نے مرحوم کے جنازے میں شرکت کی اور ان کے گھر جاکر تعزیت کی۔
گناپورہ قاضی آباد میں سماجی کارکن فوت
کپوارہ//اشرف چراغ//گناپورہ قاضی آباد کے معروف میوہ تاجر اور سماجی کارکن حاجی حبیب اللہ گنائی مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔موصوف فاروق حبیب، ڈاکٹر قیصراور ڈاکٹر سائق حبیب کے والد تھے ۔ان کے انتقال پر مختلف سیاسی، سماجی اور دینی تنظیموں نے تعز یت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔مرحوم کے آبائی گھر واقع گناپورہ قاضی آباد میں تعزیت صرف3دنوں تک جاری رہے گی۔
گبرہ کرناہ میں آگ
دارلعلوم کی دو منزلیں خاکستر
سرینگر //نمائندہ عظمیٰ //اتوار کی شام دیر گئے گبراہ کرناہ میں دارالعلوم مدینتہ العلوم میں آگ ظاہر ہونے کے نتیجے میں دومنزلیں مکمل طور پر خاکستر ہوگئیں۔ دارالعلوم کی عمارت میں لگی آگ بجھانے کیلئے گبرہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کے لوگوں شام دیر گئے جائے واقع پر پہنچے۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ بھی وہاں تاخیر سے پہنچا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے پاس بڑی گاڑی ہے جو گبرہ کی سڑکوں پر نہیں چل سکتی جس کی وجہ سے انہوں نے ایک نجی گاڑی کی خدمات حاصل کیں۔دارلعلوم میں موجود بچوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا ہے ۔
+