سرینگر // دفعہ35Aکے ساتھ چھیڑ چھاڑکے خلاف جموں کشمیرپیپلزالائنس کے کارکنوں نے پریس کالونی میں احتجاج کیا اور لال چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جس دوران پولیس نے کئی احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا ۔جموں کشمیرپیپلزالائنس کے کارکنوں نے اتوار کی صبح پریس کالونی میں احتجاج کیا ۔احتجاج میں شامل شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اور بینر اٹھا رکھے تھے جن’’پریہ ملک ہماراہے ،اسکافیصلہ ہم کریں گے ،کشمیرکشمیریوں کاہے ،آرٹیکل 35-Aکی حفاظت کیلئے متحدہوجائو‘‘جیسے نعرے درج تھے ۔اس موقعہ پرپیپلزالائنس کے چیئرمین شیخ عمران نے نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی دفعات کی منسوخی کے درپردہ سازش کارفرماہے کہ جموں وکشمیرکے مسلم اکثریتی کردارکوختم کرنے کیساتھ ساتھ ریاستی مسلمانوں کی شناخت اورتشخص کومٹادیاجائے ۔شیخ عمران نے پیپلزالائنس کے قیام اورمقاصد کامختصرذکرکرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرہماری ریاست ہی نہیں، ہماراوطن، ہماراملک ہے اوراسی سے ہماری منفردشناخت اور پہچان 7 دہائیاں گزر جانے کے باوجود بھی قائم ودائم ہے ۔ شیخ عمران نے کہاکہ آرٹیکل 35-A یادفعہ 370 کو کوئی سیاسی نعرہ نہیں ہے بلکہ ان دونوں آئینی دفعات کیساتھ ریاست جموں وکشمیراورریاستی عوام کی منفردپہچان ،تشخص اورمفادات بھی جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے خبردارکیاکہ اگرسپریم کورٹ میں دائرپیٹشن واپس نہ لی گئی تواسکے سنگین نتائج برآمدہونگے ۔انہوں نے بتایاکہ مخصوص آئینی دفعات کاتحفظ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے کیونکہ ہماری پہچان ،ہماری شناخت اورہمارے مفادات مشترکہ ہیں ۔پریس کالونی سے جب پیپلزالائنس کے کارکنوں نے لالچوک کی جانب پُرامن مارچ شروع کیاتوگھنٹہ گھرکے نزدیک پولیس کی بھاری جمعیت نے ان کاراستہ روکا اور شیخ عمران، عذیررونگا، بلال احمدڈار، شیخ عمر، مدثر احمد میر، عمران وانی، اوئیس احمد اور واجد کلو کو حراست میں لیا۔