رام بن //میترا علاقہ میں عرصہ سے پانی کی شدید قلت پائی جا رہی ہے ، اس سلسلہ میں مقامی لوگوں کا ایک وفد ممبر اسمبلی رام بن نیلم کمار لنگھے سے ملا اور انہیں ایک یادداشت پیش کی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ محکمہ پی ایچ ای کو کئی بار اس سلسلہ میں مطلع کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے جس کے نتیجہ میں انہیں مسلسل پینے کے پانی کے بحران کا سامنا ہے ۔ اگر چہ حکومت، انتظامیہ بالخصوص متعلقہ محکمہ کی جانب سے کئی بار اس سلسلہ میں یقین دہانیاں کروائی جاتی رہیں لیکن اس سلسلہ میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ ممبر اسمبلی نے لوگوں کی مشکلات کے ازالہ کے لئے فوری قدم اٹھاتے ہوئے اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈسے 5لاکھ روپے جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پی ایچ ای کے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ وارڈ نمبر7میں پانی کی فراہمی کے لئے فوری طور پر قدم اٹھائیں ،اس کے علاوہ انہوں نے وارڈ نمبر6میں پانی سپلائی بہتر بنانے کے لئے مزید 2لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ لوگوں نے ممبر اسمبلی کے ایثار کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔