سرینگر// جنگجویانہ سرگرمیوںکے نتیجے میںسنگین سیکورٹی خدشات کے بیچ 15اگست کے پیش نظرسیکورٹی ایجنسیاںہائی الرٹ پرہیں جبکہ سخت سیکورٹی حصار اور عرش تا فرش سیکورٹی بندوبست و مزاحمتی لیڈران کی ہڑتال کال کے بیچ آج بخشی اسٹیڈیم سرینگرمیںسب سے بڑی تقریب منعقدہوگی جہاں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی مارچ پاسٹ پرسلامی لینے کے علاوہ ترنگا لہرائیں گی ۔بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی 15اگست کی اس بڑی تقریب کیلئے اسٹیڈیم کے گرد و نواح کے ساتھ ساتھ پورے شہر سرینگر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میںپیر کو پورے شہر میں جگہ جگہ گاڑیوں اور مسافروں کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ راہگیروں کی تلاشی کارروائی کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔شہر میں تمام حساس مقامات پر حساس کیمروں کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے خصوصی دستے بھی متحرک رکھے گئے ہیں تاکہ کسی بھی جنگجویانہ حملے یا نا خوشگوار واقعہ کا فوری اور بر وقت سدباب کیا جا سکے ۔اسٹیڈیم کے گردونواح کے لوگوں نے بتایا کہ 15اگست کے پیش نظر حسب روایت انہیں اپنی رہائش گاہوں اور تجارتی مراکز کی بالائی منزلوں کو خالی کرنے کیلئے کہا گیا ہے کیونکہ عمومی طور 15اگست کی تقریب کے پیش نظر اس علاقہ میں سرکاری اور نجی عمارات کی اُوپری منزلوں میں پولیس اور فورسز کے خصوصی دستوںکے ساتھ ساتھ ماہر نشانہ بازوں ’شاپ شوٹرس ‘کو تعینات کردیا جاتا ہے ۔ بخشی اسٹیڈیم کے نزدیک سے گذرنے والے راستوں کو 14اگست کی شام سے ہی عام ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا جبکہ 15اگست کے روز کچھ مخصوص گاڑیوںکے علاوہ کسی بھی گاڑی کو بخشی اسٹیڈیم کے نزدیک جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔15اگست کی تقریب پرخصوصی پریڈ میں ریاستی پولیس ، سی آر پی ایف ، این سی سی اور دیگر کچھ سیکورٹی ایجنسیوں کے علاوہ مختلف سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں زیرتعلیم طلباء و طالبات بھی حصہ لیں گے ۔ سرینگر کے شہر خاص میں اگر چہ ایک روز قبل ہی غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کیا گیا تاہم اس کے با وجود ممکنہ احتجاجی مظاہروں اورخشت باری کو روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر فورسز اور پولیس اہلکاروں کا تعینات کیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میںفورسز نے معمول کے گشت میں بھی تیزی لائی ہے۔ سرینگر شہر کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر کو مختلف اضلاع سے ملانے والی شاہرائوں پر پولیس اور سی آر پی ایف کے علاوہ فوج بھی گاڑیوں کی تلاشی لے رہی ہے اور نجی یا مسافر بردارگاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروںکی پوچھ تاچھ کے ساتھ ساتھ ان کے شناختی کارڈ بھی چک کئے جارہے ہیں۔اس دوران سوموار کو پولیس اور فورسز اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگوں کے دوران 15اگست کیلئے کشمیر اور جموں بالخصوص بخشی اسٹیڈیم سرینگرکے اندر اور گرد و نواح میں کئے گئے حفاظتی ا نتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔