سرینگر//ماگام بڈگام میںفورسز کی ایک گشتی پارٹی پر گرینیڈ حملے کے نتیجے میں پولیس کا ایک اورایک سب انسپکٹر سمیت سی آر پی ایف کے3اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایس آئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ کانہامہ بٹہ پورہ علاقے میںسرینگر گلمرگ روڑ پرپیرکو بعد دوپہر اُس وقت افراتفری پھیل گئی جب ایک خوفناک گرینیڈ دھماکہ ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جنگجوئوںنے نامعلوم سمت سے سی آر پی ایف181بٹالین سے وابستہ اہلکاروں اور ان کی ایک بکتر بند گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے ہتھ گولہ داغا جوسڑک کے کنارے گرنے کے بعد ایک طاقتور دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔دھماکے کی آواز سنتے ہی آس پاس کے علاقوں میں اتھل پتھل مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیاجبکہ راہگیر، دکانداراور چھاپڑی فروش محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرینیڈ کے آہنی ریزوں کی زد میں آکرمجموعی طور4اہلکار زخمی ہو گئے جن میںسی آر پی ایف181بٹالین سے وابستہ ایک افسر سمیت3اہلکاروں کے علاوہ جموں کشمیر پولیس کا ایک اہلکار شامل ہے۔زخمی اہلکاروں کے نام سی آر پی ایف کے سب انسپکٹر بھوپ سنگھ،ہیڈ کانسٹیبل ریاض ، کانسٹیبل وجے کمار اوریاستی پولیس کے کانسٹیبل نذیر احمد کے طورپر ہوئی ہے۔ زخمی اہلکاروں کو جے وی سی اسپتال بمنہ سرینگرمیں داخل کرایا گیا ہے جہاں سب انسپکٹر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔