سرینگر//مرکزی وزیر برائے انسانی ترقی ٔوسائل پرکاش جاویڈکر نے ملک کے تمام وزراء تعلیم کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ کی جس میں جموں وکشمیر کی طرف سے وزیر تعلیم الطاف بخاری نے شرکت کی۔کانفرنسنگ کا مقصدLearning outcome unqualified teachers اور بی ایڈ اور ڈی ایڈ کالجوں سے وابستہ مسائل پر غور و خوض کرنا تھا۔کانفرنس کے دوران سیکرٹری سکول ایجوکیشن فارو ق احمد شاہ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر، ڈائریکٹر ایس ایس اے، ڈائریکٹر رمسا، ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے تعلیمی محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اساتذہ کی تربیت کی جانب خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر استاد کو تربیت حاصل کرنی ہوگی اور جو تربیتی پروگرام میں حصہ نہیں لیں گے، اُن کی ملازمت2019 کے بعد برخاست کی جائے گی۔ انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ اساتذہ کو نیشنل انسٹی چیوٹ آف اوپن سکولنگ کے ویب پورٹلwww.nios.ac.in پر اپنے آپ کو درج کرنا ہوگا جہاں سے انہیں مکمل کورس مفت فراہم کیا جائے گا۔سٹڈی مواد ویب پورٹل پر دستیاب ہوگا تا ہم انہیں6 ہزار روپے امتحانی فیس ادا کرنی ہوگی جو جون2018 کو لیا جائے گا اور فائنل امتحان مارچ۔ اپریل2019 کو منعقد ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایسسمنٹ سروے13 نومبر کو منعقد ہوگا۔اس موقعہ پر الطاف بخاری نے مرکزی وزیر کو جموں وکشمیر میں غیر تربیت یافتہ اساتذہ کی رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں تفصیلات دیں۔انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہے۔ ریاستی وزیر نے سیکرٹری ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں ایک سرکیولر جاری کریں۔بخاری نے افسروں پر زور دیا کہ وہ متعلقہ پالیسی پر سختی سے کاربند رہیں۔