سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے ضلع بارہ مولہ میں تعلیم کی صورتحال کا جائیزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں ایم ایل اے بارہ مولہ جاوید حسن بیگ، رکن کونسل غلام نبی مونگا، سیکرٹری لاء، سیکرٹری محکمہ تعلیم، ڈپٹی کمشنر بارہ مولہ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔؎دوران میٹنگ افسران نے وزیر کو ضلع میں تعلیم کے فروغ سے متعلق جاری کاموں اور محکمہ کو درپیش مختلف مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقعہ پر رکن اسمبلی بارہ مولہ نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو پیش کیا جنہیں موقعہ پر ہی منظور کیا گیا۔ وزیر نے بارہ مولہ ہائیر سکینڈری سکول کے لئے لائبریری کی تعمیر و تجدید کو بھی منظوری دی جو آگ کی واردات میں خاکستر ہوئی تھی۔لاڈورہ بارہ مولہ میں ہائی سکول عمارت کی تعمیر سے متعلق وزیر نے افسران کو تمام کاغذی کاروائی فوری طور مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جاسکے۔بخاری نے کہا کہ سکول کے لئے300 نشستوں والا آڈیٹوریم بھی تعمیر کیا جائے گا۔دوران میٹنگ مختلف سکولوں کے لئے فرنیچرکی خرید سے متعلق معاملات بھی زیر بحث لائے گئے۔ وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ تعلیم نے پہلے ہی8 لاکھ ڈیسکوں اور میزوں کا آرڈر دیا ہے اور فرنیچر حاصل ہوتے ہی یہ مسئلہ حل ہوگا۔گورنمنٹ ڈگری کالج بارہ مولہ کے لئے اراضی کی نشاندہی سے متعلق معاملے کو بھی زیر بحث لایا گیا۔وزیر نے محکمہ تعلیم کے ملازموں کو تمام ضروری کاموںسے متعلق تجاویز فوری طور پیش کرنے کی ہدایت دی تا کہ ضلع بارہ مولہ میں ان کاموں کو ترجیحی بنیاد پر ہاتھ میں لیا جاسکے۔